دہشت گردی کا خوف ختم کردیا، فوج و عوام کو ایک پیج پر لے آئے، سدرن کمانڈر

نمائندگان ایکسپریس  جمعرات 13 اگست 2015
پہلے لوگ پاکستانی پرچم لگانے سے بھی ڈرتے تھےلیکن اب یوم آزادی پر لوگوں کاجوش قابل دید ہے،لیفٹیننٹ جنرل ناصرخان جنجوعہ

پہلے لوگ پاکستانی پرچم لگانے سے بھی ڈرتے تھےلیکن اب یوم آزادی پر لوگوں کاجوش قابل دید ہے،لیفٹیننٹ جنرل ناصرخان جنجوعہ

کوئٹہ / چمن: کمانڈر سدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل ناصرخان جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاک فوج اور عوام کو ایک پیج پر لے آئے ہیں، کوئٹہ میں دہشت گردی کا جو خوف تھا وہ ختم کردیاگیا، پہلے لوگ یوم آزادی پر پاکستانی پرچم لگانے سے بھی ڈرتے تھے لیکن اب یوم آزادی پر عوام کا جوش وخروش قابل دید ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو یہاں ملک بھر سے آئے ہوئے ادیبوں، صحافیوں، کالم نگاروں، دانشوروں اور ٹی وی اینکرز کو بلوچستان میں امن وامان، سیاسی معاشی صورت حال پر بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن، وزیر مملکت پٹرولیم میر جام کمال، رکن صوبائی اسمبلی پرنس علی احمد بلوچ، آئی ایس پی آر کے بریگیڈیئر اوراعلیٰ فوجی حکام بھی موجود تھے۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہوگئی ہے، مسلح فراری کمانڈرز کی جانب سے ہتھیار جمع کراکے قومی دھارے میں شامل ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے، کچھی کینال سمیت کئی منصوبوں پر کام جاری ہے، صوبے میں سڑکیں بنائی جارہی ہیں، ان تمام اقدام میں فرنٹیئرکور حکومت اور تمام انٹیلی جنس اداروں کا کردار قابل تعریف ہے جس سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہورہاہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے صوبے میں حکومت اور اپوزیشن کو ایک ساتھ ملا کر کام کیا جہاں وزیر داخلہ کی ضرورت تھی انھیں کام کرنے کا موقع دیا۔

وزیراعظم نوازشریف صوبے میں امن وامان کے قیام اور سیاسی معاشی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور وہ 7 مرتبہ کوئٹہ آئے ہیں۔ دریں اثنا حکومت بلوچستان اور سدرن کمانڈ کے تعاون سے کوئٹہ رائٹرز فورم ادبی جریدہ’حرف‘ انجمن ترقی پسند مصنفین بلوچستان کے زیراہتمام کل پاکستان محفل مشاعرہ کوئٹہ کلب کے سبزہ زار میں ہوئی جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے ممتاز شعرائے کرام خصوصاً امجد اسلام امجد، داکٹر پیرزادہ، انور مقصود، خالد شریف، ڈاکٹر انعام الحق جاوید، زاہد فخری ودیگر نے شرکت کی۔ جشن آزادی کے سلسلے میں آزادی ٹرین مارچ ایف سی کے تعاو ن سے چمن سے روانہ ہوئی، ٹرین میں قبائلیوں کی بڑی تعداد ہاتھوں میں پرچم تھامے ڈھول کی تھاپ پرکوئٹہ روانہ ہوئی ٹرین کو قومی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا، آزادی ٹرین کو ایف سی کمانڈنٹ کرنل واجد علی ستی نے چمن سے رخصت کیا جبکہ ٹرین 3 اضلاع سے گزرنے کے بعد رات گئے کوئٹہ پہنچ گئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق آزادی ٹرین کے چمن پہنچنے پریہاںجشن منایاگیا،کمانڈرسدرن کمانڈلیفٹنٹ جنرل ناصرجنجوعہ بھی قبائلیوں کے ساتھ جھوم اٹھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔