مائنس الطاف حسین فارمولے سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے، چوہدری نثار

ویب ڈیسک  بدھ 19 اگست 2015

منڈی بہاؤالدین: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے مائنس الطاف حسین فارمولے سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

منڈی بہاؤالدین میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے مائنس الطاف حسین فارمولے سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، مائنس الطاف حسین فارمولے کا میڈیا کے ذریعے ہی پتہ چلا۔ ان کا کہنا تھا کہ رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کا دکھ پوری قوم نے محسوس کیا لیکن اس قسم کے واقعات سے ہمیں خوفزدہ نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ دشمن تو چاہتا ہی یہی ہے کہ ہم خوفزدہ ہو جائیں۔ سابق وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور ملزمان کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔

قبل ازیں پنجاب رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج پاکستان کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور ان میں سلامتی، امن و امان اور دہشت گردی سب سے نمایاں مسائل ہیں اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ داری افواج پاکستان کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دشمن ڈر پوک بھی ہے اور بے اصول بھی جو ایک طرف مذاکرات کی بات کرتا ہے اور دوسری جانب ورکنگ باؤنڈری پر سول آبادی کو نشانہ بناتا ہے، ہمارا دشمن وہی ہے جن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال پر واہگہ بارڈر پر بات کرتے ہیں۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بعض لوگ اسلام کے نام پر بگاڑ پیدا کرنا چاہتے ہیں اور ہمیں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، ہمارا دشمن معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے، یہ کیسے مسلمان ہیں جو ہمارے اسکولوں پر حملے کرتے ہیں، خواتین اور بچوں کو قتل کرتے ہیں۔ اسلام میں بدلہ لینے کی گنجائش ہے لیکن اسلام تو یہ درس دیتا ہے کہ معاف کردو تو بہتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن اگر سامنے ہو تو مقابلہ کرنے میں کوئی مشکل نہیں لیکن اندر کے دشمن کے ساتھ مقابلہ کرنا مشکل کام ہے اور مجھے امید ہے کہ ہم اس میدان میں پاس ہوں گے۔ دہشت گردوں کے پیچھے کون ہے سب کچھ عیاں ہے، ہمارے اندر وہ لوگ ہیں جو دشمن سے پیسہ لے کر معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن  جوانوں کے قدموں کی گھن گھرج سے دشمنوں کے دلوں پر خوف طاری ہوتا ہے، ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتنی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔