شمالی کوریا کے سربراہ کا فوج کو جنگ کے لئے تیار رہنے کا حکم

ویب ڈیسک  جمعـء 21 اگست 2015
فوجی دستے اچانک حملے کے لئے حکمت عملی تیارکرتے ہوئے خود کو جنگی ساز و سامان سے لیس کریں، کم جانگ ان۔ فوٹو:فائل

فوجی دستے اچانک حملے کے لئے حکمت عملی تیارکرتے ہوئے خود کو جنگی ساز و سامان سے لیس کریں، کم جانگ ان۔ فوٹو:فائل

پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے اگلے مورچوں پر تعینات فوجیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ جنگ کے لئے تیار رہیں اور مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے “وار ٹائم اسٹیٹ” میں داخل ہوں جب کہ ان کے بیان کے بعد جنوبی کوریا میں بھی ہلچل مچ گئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان سرحد پرہلکی گولہ باری کے بعد کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا جب کہ شمالی کوریا کے سربراہ نے ہنگامی طور پر سینٹرل ملٹری کمیشن کی ہنگامی میٹنگ طلب کرتے ہوئے اگلے مورچوں پر تعینات فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ جنگ کے لئے تیاری کریں اور جنگ زدہ علاقے میں داخل ہونے کے لئے بھی تیاررہیں۔ انہوں نے فوج کو حکم دیا کہ وہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے “وار ٹائم اسٹیٹ” میں داخل ہوں اور اچانک حملے کے لئے حکمت عملی تیار کرتے ہوئے خود کو جنگی ساز و سامان سے لیس کریں جب کہ اگلے مورچوں پر تعینات فوجی دستے خود کو حالت جنگ میں تصور کریں۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کی صدر نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کی ایمرجنسی میٹنگ طلب کرتے ہوئے سخت گیر ردعمل دیا جب کہ وزیردفاع نے شمالی کوریا کی جانب سے دی گئی دھمکیوں کو مسترد کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔