سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے ضمانت منسوخی کے بعد 3 ملزمان سیکیورٹی کو چکمہ دے کر فرار

ویب ڈیسک  منگل 25 اگست 2015
ضمانت منسوخی کے بعد کمرہ عدالت سے نکل کر تینوں ملزمان ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے فرار ہوئے۔ فوٹو:فائل

ضمانت منسوخی کے بعد کمرہ عدالت سے نکل کر تینوں ملزمان ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے فرار ہوئے۔ فوٹو:فائل

لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے ڈکیتی، اغوا اور چوری کے 3 ملزمان ضمانتیں منسوخ ہونے پر سیکیورٹی کو چکمہ دے کر فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کی جانب سے ڈکیتی، چوری اور اغوا کے الزام میں گرفتار ملزمان عاصم ، جاوید اور عنصر کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش کیا گیا تاہم عدالت سے ضمانتیں منسوخ ہونے کے بعد تینوں ملزمان کمرہ عدالت سے نکلنے کے بعد گلے مل کرایک دوسرے کو مبارکباد دینے لگے اور کہتے رہے کہ مبارک ہو مبارک ہو ضمانت ہوگئی۔ اس موقع پر پولیس اہلکار ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہے اوریہ بھی گوارا نہ کیا کہ عدالت سے معلوم کیا جائے کہ ملزمان کی ضمانت ہوئی ہے یا نہیں اوریوں تینوں ملزمان سخت سیکیورٹی کو چکمہ دے کر باآسانی عدالت سے فرارہوگئے۔

دوسری جانب پولیس اہلکاروں کو جب اپنی نااہلی کا احساس ہوا تو ان کی دوڑیں لگ گئیں اور ملزمان کو دوبارہ پکڑنے کے لئے کوششیں تیز کردیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔