پاکستان پرحملہ کرنیوالے فوجی واپس نہیں آسکیں گے، ہندوستان ٹائمز

مانیٹرنگ ڈیسک  بدھ 26 اگست 2015
مودی کی پالیسی سے زہریلے اثرات ہوئے، پاکستان میں مخالفین کی تعداد بڑھ گئی، اداریہ۔ فوٹو: فائل

مودی کی پالیسی سے زہریلے اثرات ہوئے، پاکستان میں مخالفین کی تعداد بڑھ گئی، اداریہ۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستان کے متعلق پالیسی پر بھارتی میڈیا ان پر برس پڑا اور بھارت کے ایک بڑے اخبار کے مطابق مودی کی پالیسی سے صرف زہریلے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمزکے اداریے کے مطابق پاکستان کا حریت رہنماؤں سے ملاقات کرنا یقینی تھا، یہ تصور ہی غلط تھا کہ پاکستان صرف اپنے اوپر دہشت گردی کے الزامات سننے کے لئے مذاکرات کرے گا، اگر پاکستان دہشت گرد ہے تو اوفا ملاقات کیوں کی گئی۔ ہندوستان ٹائمزکے مطابق مودی کی پالیسی سے پاکستان میں بھارت کے مخالفین کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

اخبار نے مودی کو پاکستان میں کسی بھی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو بھارتی طیاروں یا کمانڈرزکا واپس لوٹنا ممکن نہیں ہوگا۔ اداریے کے مطابق اگر بھارت دہشت گردی کے کسی واقعے پر امریکا یا عالمی برادری کا دروازہ کھٹکھٹائے گا تو وہاں سے جواب موصول ہوگاکہ اگست میں سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات بھی توخود ہی منسوخ کیے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔