بحیرہ روم میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی سے 55 لاشیں برآمد

ویب ڈیسک  جمعرات 27 اگست 2015
شام ، لیبیا اور دیگر افریقی ممالک سے غیرقانونی تارکینِ وطن کی یورپ آمد جاری ہے  فوٹو: فائل

شام ، لیبیا اور دیگر افریقی ممالک سے غیرقانونی تارکینِ وطن کی یورپ آمد جاری ہے فوٹو: فائل

روم: اٹلی کی بحریہ نے لیبیا کی سمندری حدود میں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی سے 55 لاشیں برآمد کرلی ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اٹلی کی کوسٹ گارڈ کی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیبیا کی سمندری حدود میں غیر قانونی تارکین وطن کو بچانے کے لئے آپریشن سوئیڈن کے بحری جہاز ’پوسائڈن‘ کے ذریعے کیا گیا، اس موقع پر یورپی یونین کی سرحدی نگرانی پر مامور فرنٹکس بارڈر ایجنسی کا تعاون بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ اسی جہاز نے ربڑ کی کشتی میں سوار دیگر 120 افراد کو بھی بچایا ہے۔  دونوں واقعات لیبیا کے ساحل سے 50 کلومیٹر دور پیش آئے ہیں۔ امدادی ٹیموں نے دونوں کشتیوں میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کی ہلاکت کی وجوہات نہیں بتائی۔

واضح رہے کہ اس سال افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ کے ہزاروں افراد نے کشتیوں کے ذریعے یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کی اوران کی بڑی تعداد عموماً ایسی کشتیوں میں سوار ہوتی ہے جو سمندر پار کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں ۔ یہ کشتیاں راستہ بھٹک جاتی ہیں یا اپنے بوجھ سے غرقاب ہوجاتی ہیں۔

واضح رہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کو غیر قانونی تارکینِ وطن کے سب سے بڑے بحران کا سامنا ہے جس کے تحت ہر ہفتے لیبیا اورشام سمیت ہزاروں افراد یورپی ساحلوں کا رخ کررہے ہیں اور انسانی اسمگلر ان کی مدد کررہے ہیں لیکن اس دوران صرف رواں برس اس کوشش میں 2 ہزار 300 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔