خوشگوار یادیں دل میں لیے عامرخان کی واپسی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 28 اگست 2015
کمشنر نے کراچی آمد پر عامر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی اور شہریوں کی جانب سے انھیں یادگار ی نشان پیش کیا۔   فوٹو : آن لائن

کمشنر نے کراچی آمد پر عامر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی اور شہریوں کی جانب سے انھیں یادگار ی نشان پیش کیا۔ فوٹو : آن لائن

 کراچی: شہرۂ آفاق پاکستانی نژ اد برطانوی باکسر عامر خان خوشگوار یادیں لیے پاکستان سے رخصت ہو گئے، قبل ازیں انھوں نے کہاکہ کراچی پاکستان کا دل ہے۔

کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر اسے امن کا گہوارہ بنایا جا سکتاہے، انھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب احمد صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا، عامر خان نے کہا کہ شہر میں قیام کی بہتری اور مثبت سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کی کوشش میں وہ بھرپور تعاون کریں گے جبکہ اگلی مرتبہ پاکستان آکر کراچی کی گلیوں میں گھومیں پھریں گے، خواہش ہے کہ شہر میں باکسنگ کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں، کمشنر نے عامر خان کو کراچی میں ان کے نام سے منسوب اکیڈمی قائم کر نے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر ممکنہ مدد کریگی۔

اس موقع پر تین مقامات لیاری ،کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس اور ہاکس بے میں کسی ایک مقام پر اکیڈمی بنانے پر غور کیا گیا، کمشنر نے کہاکہ کراچی اکیڈمی پروجیکٹ میں کارپوریٹ سیکٹر کو بھی شریک کرکے دنیا بھر کے لیے مثالی باکسنگ اکیڈمی قائم کی جائے گی۔

اس اقدام سے شہر میں امن کو فروغ ملے گا اور دنیا بھر میں کراچی کے حوالے سے مثبت پیغام جائے گا۔ عامر خان نے کہا کہ وہ برطانیہ پہنچ کر اس حوالے سے اپنا تحریری منصوبہ ارسال کردیں گے تاکہ کمشنر کراچی اس کی روشنی میں اقدمات کر سکیں، عامر خان نے کہا کہ وہ دسمبر میں دوبارہ پاکستان آکراکیڈمی کے قیام کیلیے کاوش کریں گے، کمشنر نے کراچی آمد پر عامر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی اور شہریوں کی جانب سے انھیں یادگار ی نشان پیش کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔