چوہدری شجاعت حسین گرینڈ الائنس کے لئے ایک مرتبہ پھرسرگرم

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اگست 2015
مسلم لیگیوں کا اتحاد صرف بلدیاتی انتخابات کے لئے نہیں بلکہ مستقبل کے لئے ہوگا، سربراہ مسلم لیگ (ق).  فوٹو:فائل

مسلم لیگیوں کا اتحاد صرف بلدیاتی انتخابات کے لئے نہیں بلکہ مستقبل کے لئے ہوگا، سربراہ مسلم لیگ (ق). فوٹو:فائل

 کراچی: مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین گرینڈ الائنس کے لئے ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگئے اور وہ کراچی دورے کے موقع پر مختلف سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

کراچی پہنچنے پرمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ موجودہ اپوزیشن اپنا کردار درست طریقے سے ادا نہیں کر رہی اس لئے مسلم لیگ کو اکھٹا کرنے کے لئے  سرگرم ہیں تاکہ حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کیا جائے جب کہ مسلم لیگیوں کا اتحاد صرف بلدیاتی انتخابات کے لئے نہیں بلکہ مستقبل کے لئے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مسلم لیگ (ن) کی 3 وکٹیں گرا چکے ہیں اس لئے ذاتی خیال ہے کہ انہیں ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لینا چاہیئے۔

کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن سب کو نظر آرہا ہے اور دہشتگردی اور کرپشن کے خلاف جاری آپریشن سے ملک بھر میں واضح تبدیلی واقع ہوئی ہے تاہم کرپشن کے خلاف چاروں صوبوں میں بلاامتیاز آپریشن ہونا چاہیئے جب کہ شہر قائد میں مجرموں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کسی جماعت کے خلاف نہیں اگر کسی جماعت کو آپریشن پر اعتراض ہے تو اس کی بات سننی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ میں بڑے اچھے اور پڑھے لکھے لوگ بھی موجود ہیں اور امید ہے کہ ان کے استعفے واپس ہو جائیں گے اور اگر پروپیگنڈے کا سلسلہ جاری رہا تو اس سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔