بھارت غلط فہمی میں نہ رہے اگر حملہ کیا تو بتائیں گے جواب کیسے دینا ہے، خواجہ آصف

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اگست 2015

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان جنگ سے نہیں ڈرتا لہٰذا بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے اگر حملہ ہوا تو پاکستان فیصلہ کرے گا کہ جواب کب اور کیسے دینا ہے۔

ایکسپرس نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاکستان نے بھارت کو ہر محاذ پر شکست دی تھی اور اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو 65ء سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا کیونکہ پاکستان جنگی معاملات میں بھارت سے بہتر ہے اور پاکستان جنگ سے نہیں ڈرتا لہٰذا بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے اگر حملہ ہوا تو پاکستان فیصلہ کرے گا کہ جواب کب اور کیسے دینا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت میں 3 درجن کے قریب علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بھارت اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے سرحد پر کشیدگی بڑھارہا ہے اور سرحد پرکارروائیاں بھی اسی سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہیں جس کی وجہ سے مودی سرکارکا سیاسی قدروز بروزکم ہورہا ہے تاہم پاکستان بھارتی جارحیت کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھائے گا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ملک میں سول اورعسکری تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور فوجی قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سےجاری ہے اور کئی علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرالیا گیا ہے، دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں لیکن جب تک ہم عملی طور پر متحد نہیں ہوں گے جنگ نہیں جیت سکتے۔

ضمنی الیکشن کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اگر اپنی اوقات دیکھنا چاہتے ہیں تو این اے 122 میں آجائیں، عمران خان کے کان میں جو کوئی بھی بات کرتا ہے وہ بغیر تصدیق کے ٹی وی پر بول دیتے ہیں اسی لئے عمران خان جہاں سے چلے تھے آج پھروہیں کھڑے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔