شعیب اختر نے پاک بھارت سیریزکی مخالفت کر دی

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 29 اگست 2015
سیاسی حالات کی وجہ سے دسمبرمیں شیڈول میچزکوملتوی کردینا چاہیے،سابق پیسر. فوٹو: فائل

سیاسی حالات کی وجہ سے دسمبرمیں شیڈول میچزکوملتوی کردینا چاہیے،سابق پیسر. فوٹو: فائل

دبئی: شعیب اختر نے تناؤ کے ماحول میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کی مخالفت کردی، سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ سیاسی حالات کی وجہ سے دسمبر میں یو اے ای میں ہونے والے میچز کو ملتوی کر دینا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق روایتی حریف ٹیموں کی 2007 کے بعد اولین باہمی سیریز دسمبر میں شیڈول ہے، میزبانی کے فرائض متحدہ عرب امارات کو انجام دینے ہیں، مگر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ان دنوں سخت کشیدہ ہیں، بھارتی بورڈ کئی بار سیریز نہ کھیلنے کا عندیہ دے چکا،  سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا بھی کہنا ہے کہ مذاکرات کی منسوخی اور سرحدی کشیدگی کے بعد کرکٹ کھیلنے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے، دبئی میں ایک انٹرویو کے دوران انھوں نے کہا کہ گوکہ کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے مگر بدقسمتی سے سرحد پر ان دنوں کافی تناؤ ہے۔

ایسے میں پاکستان اور بھارت کی سیریز کو ملتوی کرنا ہی مناسب ہوگا۔ شعیب اختر نے کہا کہ حالات کی بہتری کے بعد جب دونوں ممالک کی حکومتیں بات چیت کیلیے تیار ہوں تب کرکٹ تعلقات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے  گی، کھیل کی دلچسپی برقرار رکھنے کیلیے دنیا کی 2 بہترین ٹیمیں ایک دوسرے سے مقابلے کو نظرانداز نہیں کر سکتیں، آپ یہ نہیں بھول سکتے کہ دونوں ممالک سے بہترین ٹیلنٹ سامنے آتا اور لوگ انھیں آپس میں کھیلتا دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

دریں اثنا شعیب اختر نے کہا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ تینوں کرکٹرز کو ایک اور موقع ملنا چاہیے، انھوں نے کہا کہ آئندہ ماہ پابندی ختم ہونے کے بعد سلمان بٹ، محمد آصف اور عامر کو قومی ٹیم کی  نمائندگی کیلیے اجازت دینا مناسب فیصلہ ہوگا، تینوں نے غلطی کی سزا بھگت لی لہذا اب معاف کر دینا چاہیے،امید ہے کہ انھوں نے ماضی سے سبق سیکھا ہوگا،میں چاہتا ہوں کہ یہ کرکٹ میں واپس آ کر دنیا پر ثابت کریں کہ اچھے انسان ہیں،ان کو اصل معافی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کو فتح دلانے سے ہی ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔