ڈاکٹرعاصم حسین مکمل صحتیاب ہیں، رینجرز نے عدالت میں رپورٹ جمع کرادی

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 اگست 2015
 ڈاکٹر عاصم کو ایسا کوئی مرض نہیں کہ انہیں اسپتال منتقل کیا جائے، رینجرز لاء افسر. فوٹو:آن لائن

ڈاکٹر عاصم کو ایسا کوئی مرض نہیں کہ انہیں اسپتال منتقل کیا جائے، رینجرز لاء افسر. فوٹو:آن لائن

 کراچی: رینجرز نے انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کی صحت سے متعلق رپورٹ جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرعاصم صحت مند ہیں اور انہیں اسپتال میں داخل کرانے کی ضرورت نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز نے کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کے چیک اپ کے بعد رپورٹ جمع کرا دی جس میں عدالت کو بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹرعاصم حسین کا طبی معائنہ ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈیکل سروسز رینجرز نے ان کے ذاتی معالجوں کی موجودگی میں کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عاصم مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کی شوگر نارمل ہے۔

رینجرز کے لاء افسرکے مطابق ڈاکٹر عاصم کو ایسا کوئی مرض نہیں کہ انہیں اسپتال منتقل کیا جائے جب کہ انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اورانہوں نے جو دوائیں مانگیں انہیں فراہم کردی گئی ہیں اوران کی دیکھ بھال کے لئے ایک ڈاکٹر اور 2 نرسنگ اسٹاف 24 گھنٹے تعینات ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔