کسٹمزکا منی لانڈرنگ کے خلاف ایئرپورٹس پرکریک ڈاؤن

احتشام مفتی  اتوار 30 اگست 2015
اگست میں جناح ٹرمینل پر1.31کروڑروپے کی غیرملکی کرنسی کے3کیسز پکڑے،حکام۔ فوٹو: فائل

اگست میں جناح ٹرمینل پر1.31کروڑروپے کی غیرملکی کرنسی کے3کیسز پکڑے،حکام۔ فوٹو: فائل

 کراچی: محکمہ کسٹمز کے انسداد منی لانڈرنگ مہم کے تحت ملک بھر کے ایئرپورٹس پرمنظم کریک ڈاؤن کے حوصلہ نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ کسٹمز حکام نے بیرون ملک سفر پر جانے والے مشکوک مسافروں کی باڈی سرچنگ کا بھی آغاز کردیا ہے کیونکہ انہیں خفیہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ غیرملکی کرنسی کے اسمگلرز جوتوں اور زیرجامہ بھی امریکی ڈالر، پاؤنڈ، یورو، سعودی ریال ودیگر اہم غیرملکی کرنسیوں کی اسمگلنگ کررہے ہیں۔

جناح ٹرمینل پر تعینات کسٹم حکام نے بتایا کہ مختلف نوعیت کے دباؤ کو بالائے طاق رکھ کر بیرون ملک سفر پر جانے والے مسافروں کی بلاامتیاز جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اگست2015 کے دوران محکمہ کسٹمز پریونٹیو نے غیرملکی کرنسی اسمگل کرنے کے3 کیسز میں بیرون ملک جانے والے مسافروں سے مجموعی طور پر1 کروڑ31 لاکھ روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی بازیاب کرائی اور ان کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر کا اندراج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

جناح ٹرمینل پر تعینات محکمہ کسٹمز کے اسسٹنٹ کلکٹر واصف ملک نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ گزشتہ48 گھنٹوں میں بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں رحمت خان اورعلی کیرانی کی پروفائلنگ کی بنیاد پر تلاشی لی گئی تو دونوں مسافروں کے جوتوں سے غیرملکی کرنسیاں برآمد ہوئیں۔

دبئی جانے والے مسافررحمت خان سے50 لاکھ روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی برآمد کی گئی جبکہ دبئی ہی جانے والے دوسرے مسافر علی کیرانی سے 30 لاکھ روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی برآمد ہوئی، محکمہ کسٹمز نے رائج قوانین کی خلاف ورزی پر مذکورہ دونوں فضائی مسافروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے اور ان کے خلاف تحقیقات کے دائرہ کار کو وسیع کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔