جیوانی ایئر پورٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 2 انجینئرز جاں بحق، ایک زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 30 اگست 2015

گوادر: جیوانی ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن کے ریڈار پر مسلح افراد کے حملے میں 2 انجینئر جاں بحق جب کہ اسسٹنٹ انجینئرزخمی ہوگیا۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/08/q329.jpg

ایکسپریس نیوز کے مطابق لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے جیوانی ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن کے ریڈار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انجینئر خلیل احمد جاں بحق جب کہ اسسٹنٹ انجینئر الطاف حسین زخمی ہو گئے۔ مسلح دہشت گرد ایئر پورٹ منیجر خلیل محمود کو اغوا کر کے لے گئے جن کی لاش قریبی علاقے سے برآمد ہوگئی۔ واقعہ میں زخمی ہونے والے اسسٹنٹ انجینئر کو طبی امداد کے لئے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کے فوری بعد سیکیورٹی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/08/q429.jpg

پولیس کے مطابق 12 حملہ آوروں نے صبح ساڑھے 4 بجے ایئرپورٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وی او آر ٹاور کو نقصان پہنچا جب کہ سول ایوسی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ حملے میں ایک اہلکار موقعے پر ہی ہلاک ہوگیا تھا اور ایک الیکڑانک انجینیئر محمود نیازی کو حملہ آور اغوا کر کے لےگئے تھے جس کی بعدازاں جیوانی اسپتال نے مغوی انجینیئر کی لاش ملنے کی تصدیق کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جیوانی ایئر پورٹ پر نصب مواصلاتی نظام تقریباً تباہ ہو گیا ہے تاہم ایئرپورٹ پروازوں کے لئے استعمال نہیں ہوتا تھا اور یہاں صرف نیوی گیشن سسٹم نصب تھا۔

واضح رہے کہ جیوانی ایئرپورٹ پاک ایران سرحد کے قریب واقع ہے جہاں لیویز تعینات تھی جسے چند ماہ قبل ہی ہٹا لیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔