مودی سرکارخام خیالی میں نہ رہے منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، رضا ربانی

ویب ڈیسک  اتوار 30 اگست 2015
 معصوم بچوں اورخواتین پربمباری اوآئی سی کی خاموشی افسوسناک ہے،رضا ربانی:فوٹو فائل

معصوم بچوں اورخواتین پربمباری اوآئی سی کی خاموشی افسوسناک ہے،رضا ربانی:فوٹو فائل

سیالکوٹ: چیرمین سینیٹ رضاربانی کا کہنا ہے کہ مودی سرکار خام خیالی میں نہ ر ہے، ضرورت پڑنے پر پاکستان کی مسلح افواج منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

بھارتی گولہ باری سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کرنے کے بعد سی ایم ایچ سیالکوٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ بھارت نہتے پاکستانی شہریوں پر بمباری کررہا ہے جو بزدلانہ عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی جارحیت کا ڈٹ کرمقابلہ کیا ہے اور اب بھی منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

چیرمین سینیٹ نے کہا کہ ورکنگ باؤنڈری پر سرحد کے قریب رہائشی لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے وزیر اعظم نواز شریف سے بات کروں گا اور پاکستانی دیہات کی حفاظت کے لئے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ حکومت کو بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر بھی اٹھانا چاہیئے جب کہ بھارتی جارحیت پرمسلم امہ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ بھارتی گولہ باری اور فائرنگ سے معصوم بچوں اورخواتین کی شہادت پر اوآئی سی کی خاموشی افسوسناک ہے جس سے اس تنظیم کا دوہرا معیاربھی سامنے آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اندرونی محاذ پر ناکام ہونے کا غصہ بارڈر پر اتاررہی ہے جس پرعالمی اداروں کو مودی سرکاری کی جارحیت کا نوٹس لینا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔