بالی ووڈ میں اداکار فواد خان کو نیا نام مل گیا

ویب ڈیسک  اتوار 30 اگست 2015
فلم ’’کپوراینڈ سنز‘‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکار سدھارت ملہوترا نے فواد خان کا نام ’’مسئلہ‘‘ رکھ دیا فوٹو:فائل

فلم ’’کپوراینڈ سنز‘‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکار سدھارت ملہوترا نے فواد خان کا نام ’’مسئلہ‘‘ رکھ دیا فوٹو:فائل

ممبئی:  بالی ووڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے پاکستانی اداکار فواد خان اور اداکار سدھارت ملہوترا فلم’’کپور اینڈ سنز‘‘ کی شوٹنگ کے دوران آپس میں گہرے دوست بن گئے جب کہ سدھارت نے پیار سے ان کا نام’’مسئلہ‘‘ رکھ دیا۔

پاکستانی اداکار فواد خان نامور فلمساز کرن جوہر کی فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرر ہے ہیں جب کہ فلم میں  اداکارہ عالیہ بھٹ،رشی کپور،سدھارت ملہوترا  بھی اپنی اداکاری کے جوہردکھاتے نظرآئیں گے تاہم شوٹنگ کے دوران فلم کے سیٹ پر فواد خان ہی مرکز نگاہ ہیں۔

فواد خان فلم کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں اور فلمی عملے کے ساتھ کافی گھل مل گئے جب کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران فلمساز کرن جوہر اور دیگر افراد ان سے اردو سیکھتے رہے تاہم شوٹنگ کے دوران اداکار سدھارت ملہوترا اور فواد خان کے درمیان گہری دوستی ہوگئی ہے جس کا دونوں اداکار برملا اظہار کرتے رہتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد خان بات چیت کے دوران اردو کا لفظ ’’مسئلہ‘‘ کا استعمال زیادہ کرتے ہیں جس پر ساتھی اداکار سدھارت ملہوترا نے ان کا نام ہی ’’مسئلہ‘‘ رکھ دیا اور انہیں اسی نام سے پکارتے ہیں بلکہ یہی نہیں اپنے موبائل فون میں ان کا نمبر بھی ’’مسئلہ‘‘ کے نام سے محفوظ کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔