پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت میں انتہائی سنجیدہ ہے، امریکا

خبر ایجنسیاں  پير 31 اگست 2015
صدر اوباما ’ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا‘ کا طویل المیعاد ہدف رکھتے ہیں، ترجمان وائٹ ہاؤس۔ :فوٹو: فائل

صدر اوباما ’ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا‘ کا طویل المیعاد ہدف رکھتے ہیں، ترجمان وائٹ ہاؤس۔ :فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت کی ذمے داری کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جوش ارنسٹ نے یہ بیان واشنگٹن پوسٹ میں ایک امریکی تھنک ٹینک کی شائع ہونے والی رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دیا۔ رپورٹ میں دعوی کیا گیا تھا کہ اگلے10سال میں پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کے ذخیرے کے حوالے سے امریکا اور روس کے بعد تیسرے نمبر پرآجائے گا۔ ارنسٹ نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ حکومت پاکستان اپنی ذمے داریوں سے آگاہ اوران کوسنجیدگی سے لیتی ہے۔

ارنسٹ نے بتایا کہ انھوں نے تھنک ٹینک کی رپورٹ دیکھی ہے لیکن اس معاملے پر ایسا کوئی سرکاری تجزیہ موجود نہیں جس کا میڈیا سے تبادلہ کیا جا سکے، صدر باراک اوباما ’ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا‘ کا طویل المیعاد ہدف رکھتے ہیںاور ہر دوسرے سال اس ہدف کی تشہیر کے لیے عالمی کانفرنس بھی منعقد کرتے ہیں اور یہ آئندہ بھی ان کی خارجہ پالیسی میں ترجیحی ہدف رہے گا۔ ارنسٹ نے بتایا کہ اگلی ایٹمی کانفرنس واشنگٹن میں منعقد ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ دوسری اہم بات یہ ہے کہ ان ذخائر کی حفاظت پاکستان اور اس جیسے دوسرے ملکوں کی ذمے داری بنتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔