رینجرز کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کا اختیار ہے احتساب کے لئے نہیں، رانا ثناءاللہ

ویب ڈیسک  پير 31 اگست 2015
این اے 122 اور 154 میں دھرنا سیاست کو دفن کر دیں گے، رانا ثنا اللہ فوٹو: فائل

این اے 122 اور 154 میں دھرنا سیاست کو دفن کر دیں گے، رانا ثنا اللہ فوٹو: فائل

لاہور: وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ رینجرز کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کا اختیار ہے احتساب کے لئے نہیں کیونکہ ملک میں احتساب کے لیے نیب کا آزاد ادارہ موجود ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کاکہنا تھا کہ گزشتہ 2 برسوں میں ہم نے پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی کیس نہیں بنایا، ملک میں احتساب کے لیے نیب کا آزاد ادارہ موجود ہے، نیب کو جہاں ثبوت ملے وہاں کارروائی ہوگی، رینجرز کے پاس دہشت گردی کے خلاف کارروائی کامینڈیٹ ہے، نیب کی کارروائیوں کا حکومت پر ملبہ نہیں ڈالا جا سکتا، نیب کو جہاں بھی کرپشن کا کوئی اسکینڈل نظر آیا وہ وہاں کارروائی کرے گی۔

وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور حکومت میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف مقدمات بنائے گئے، پنجاب میں حکومتی سطح پرکرپشن کی کوئی مثال نہیں، میٹرو کے مخالفین آج تک ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ این اے 122 اور 154 میں دھرنا سیاست کو دفن کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ این اے 122 پر مقابلہ علیم خان اور ایاز صادق کے درمیان نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جمہوریت ہے اور ہر کسی کو حق ہے کہ وہ اپنی پارٹی بنائے، اسی طرح افتخار چوہدری کو بھی اپنی جماعت تشکیل دینے کا پورا پورا حق ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔