ملک میں انتقامی سیاست دفن کی جاچکی آصف زرداری کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے، پرویز رشید

ویب ڈیسک  پير 31 اگست 2015

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے کیونکہ (ن) لیگ نے نہ کبھی انتقامی سیاست کی نہ کررہے ہیں اور نہ ہی کریں گے جب کہ ملک میں انتقامی سیاست دفن کی جاچکی جو ہمیشہ دفن رہے گی۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/09/q.jpg

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ 90 کی سیاست کو شہید بے نظیر بھٹو اور نوازشریف نے میثاق جمہوریت کے لیے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کردیا اور وہ دفن شدہ سیاست دوبارہ زندہ نہیں ہوسکتی جب کہ نوازشریف نے میثاق جمہوریت پرمکمل عمل کیا اس لیے کوئی انتقامی سیاست ہم سےمنسوب نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو کوئی غلط اطلاع دی گئی یا کوئی غلط فہمی ہوئی ہے جس کی بنیاد پر انہوں نے بیان جاری کیا اور جن لوگوں کا ذکر انہوں نے کیا ہے ان سے کوئی کیوں انتقام لے گا۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/09/q1.jpg

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتقامی کارروائیوں کا زمانہ نہیں رہا اب ادارے مضبوط ہوچکے، ملک میں عدلیہ مضبوط ہے اور ہر کیس اس کے پاس جانا ہے اس لیے حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ وہ کوئی ایسے کارروائی کرے اور نہ ہی ہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو جو غلط فہمی ہوئی اس کا اندازہ انہیں خود ہوگا اور انہیں پتا چلے گاکہ نوازشریف کی سیاست کی ڈکشنری میں انتقام نام کا کوئی لفظ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم سے متعلق آصف زرداری کا بیان جاری ہونے سے پہلے ہی وزیراعظم نے اس معاملے پر رپورٹ طلب کرلی تھی جو جلد وزیراعظم کو مل جائے گی اور اس کے بعد ہی ہم اس معاملے پر بات کرسکتے ہیں۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/09/q2.jpg

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے خلاف 99 سے اب تک کئی مقدمات بنائے گئے جو سب عدالتوں میں ہیں لیکن ہماری حکومت نے کسی کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا اگر کراچی میں کچھ لوگوں سے تفتیش ہورہی ہے اور انہوں نے کچھ نہیں کیا تو وہ خیریت سے آئیں گے اور اگر کچھ کیا ہوگا تو قانون خود اپنا راستہ اختیار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو اپوزیشن کی گفتگو تحمل کے ساتھ سننا چاہئے ہم نے گالم گلوچ پر مبنی بیانات کو 6 ماہ تک سنااور برداشت کیا کیونکہ حکومت کو برداشت کرنا چاہئے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/09/q3.jpg

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان انتخابات سے فرار چاہتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر الیکشن کمیشن کے اراکین استعفے دیں گے تو کمیشن نا مکمل ہوجائے گا اور اس نامکمل کمیشن کی موجودگی میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات نہیں ہوسکتے، عمران خان کو سوفیصد یقین ہے کہ وہ انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے اسی لیے استعفوں کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم سے مذاکرات معطل نہیں ہوئے وہ سلسلہ جاری ہے جس کی تفصیلات طے ہورہی ہیں اور اس حوالے سے جلد کوئی اچھی خبر ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔