پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی بھی سستی

بزنس رپورٹر  بدھ 2 ستمبر 2015
فی کلو6،گھریلو سلنڈر72اور کمرشل سلنڈر کی قیمت288روپے کم کردی گئی،ڈسٹری بیوٹرز فوٹو: فائل

فی کلو6،گھریلو سلنڈر72اور کمرشل سلنڈر کی قیمت288روپے کم کردی گئی،ڈسٹری بیوٹرز فوٹو: فائل

 کراچی: پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی کے نرخوں میں بھی کمی کردی گئی ہے،ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں6روپے،گھریلو سلنڈر کی قیمت میں72اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں288روپے کی کمی کی گئی ہے۔

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ اگر اوگرا اپنے ہی قوانین پر عملدرآمد کرانے میں کامیاب ہو جائے تو چند گھنٹوں میں ایل پی جی 50روپے فی کلو میںدستیاب ہو گی،مقامی پیداواری اداروں نے اوگرا کے قوانین کی خلاف ورزی کر کے صرف 6ماہ میں ڈیڑھ ارب کی لوٹ مار کی، اوگرا اپنے ہی بنائے قوانین پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہو گئی ہے اور گزشتہ 6 ماہ میں سب جانتے ہوئے بھی خاموشی کیوں ہے۔

انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ایل پی جی کے مقامی پروڈیوسرز سے فوری طور پر قیمتوں میں کمی کرائی جائے اور ناجائز منافع خوری کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

نرخوں میں کمی کے بعدایل پی جی کی فی کلو قیمت کراچی میں کراچی 70 روپے ،لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، جہلم، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، ڈسکہ اور پشاور میں 75 روپے کلو، رحیم یار خان، صادق آباد، حیدر آباد اور اٹک میں80روپے کلو، میرپور آزاد کشمیر میں 85 روپے کلو، راولپنڈی ، اسلام آباد، ایبٹ آباد،مظفر آباد، باغ، فاٹا، کوٹلی، ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، میر پور خاص، عمر کوٹ، نواب شاہ، مٹیاری، ٹھٹھہ، دادو، جام شورو، شکار پور میں 90روپے جبکہ گلگت بلتستان، مری، نتھیا گلی اور بالاکوٹ میں 100روپے کلوہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔