افراط زر کی شرح اگست میں13سال کی کم ترین سطح پرآگئی

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 2 ستمبر 2015
سال بہ سال1.7فیصد،ماہانہ بنیادوں پرمہنگائی کی شرح میں 0.24فیصد کا اضافہ ہوا  فوٹو : فائل

سال بہ سال1.7فیصد،ماہانہ بنیادوں پرمہنگائی کی شرح میں 0.24فیصد کا اضافہ ہوا فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ملک میں گزشتہ ماہ صارف قیمتوں کے اشاریے کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں سالانہ بنیادوں پر1.7 فیصد ہوا جو کم وبیش 13 سال کی کم ترین سطح ہے جبکہ جولائی میں افراط زر کی شرح 1.8 فیصد رہی تھی، اگست 2015میں مہنگائی کی شرح میں ماہانہ بنیادوں پر 0.24 فیصد کا اضافہ ہوا۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق اگست 2015کے دوران دال ماش کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر46.77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ دال ماش کی قیمت میں 6.54فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح گزشتہ سال کی نسبت سگریٹ 16.38 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ بیسن کی قیمتوں میں 39.41، چائے 21.80فیصد، ٹماٹر 16.69،چینی 13.68فیصد مہنگی ہوئی تاہم گزشتہ سال کی نسبت آلو کی قیمتوں میں62.31فیصد، کوکنگ آئل 12.55 فیصد اور چاول کی قیمتوں میں 10.89فیصد کمی آئی۔رپورٹ کے مطابق جولائی 2015کی نسبت آگست 2015کے دوران دال ماش کی قیمتوں میں 6.54فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سبزیوں میں 17.87فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح گزشتہ ایک ماہ کے دوران آلو کی قیمتوں میں3.65 فیصد، ٹماٹر 33 فیصد، انڈے کی قیمتوں میں 12.46 فیصداضافہ ہوا ہے جبکہ ایک ماہ میں بجلی کی قیمتیں 1.47فیصد بڑھیں، اسی طرح جولائی 2015کی نسبت آگست 2015 میں مرغی، پیاز، پھل، دال مونگ کی قیمتوں میں کمی آئی۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تااگست کے دوران افراط زر کی اوسط شرح 1.76 فیصد رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 7.44 فیصد تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔