جانوروں کا معائنہ شہر کے داخلی راستے پرکیاجائے،بلدیہ عظمیٰ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 2 ستمبر 2015
مویشی منڈی جانے والے لوگ ہلکے رنگوں کے کپڑے زیب تن کریں،میٹروپولیٹن کمشنر  فوٹو: آئی این پی / فائل

مویشی منڈی جانے والے لوگ ہلکے رنگوں کے کپڑے زیب تن کریں،میٹروپولیٹن کمشنر فوٹو: آئی این پی / فائل

 کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی کی ہدایت پر عیدالاضحی کے لیے شہر میں قائم کی گئیں مویشی منڈیوں میں صحت مند ماحول یقینی بنانے اور کانگو وائرس سمیت دیگر جراثیم سے مویشی منڈیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز بلدیہ عظمیٰ نے طبی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ان کے مطابق جانوروں کے معائنے کے لیے بنائے گئے مراکز شہری حدود سے باہر ہونے چاہئیں، مویشی منڈیوں کے لیے خصوصی جگہیں مخصوص کی جائیں، منڈیوں میں لائے جانے والے جانوروں کا معائنہ شہر کے داخلی راستے ٹول پلازہ پر ہونا چاہیے،بلدیہ عظمیٰ کراچی، ضلعی میونسپل کارپوریشنز ،کنٹونمنٹ بورڈز، ڈی ایچ اے مویشی منڈیوں میں صفائی کے انتظامات کریں، پینے کے پانی کی فراہمی کا مناسب بندوبست کیا جائے۔

پانی ذخیرہ کرنے کا مناسب انتظام ہو اور پانی کے ذخائر ڈھکے ہوئے ہونے چاہئیں،جانوروں کے علاج معالجے کے لیے ویٹرنری کیمپس مختلف نمایاں مقامات پر قائم کیے جائیں اور جانوروں کے معائنے کے وقت ویٹرنری ڈاکٹر و دیگر عملہ ہاتھوں میں دستانے ضرور پہنے،مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کے لیے جانے والے لوگ ہلکے رنگوں کے کپڑے زیب تن کریں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔