عامر،آصف اورسلمان کیلیے ابھی ٹیم میں جگہ نہیں ؛چیف سلیکٹر

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 2 ستمبر 2015
کھیل کے ساتھ ساتھ اپنے کردار کی سچائی ثابت کرنے پر زیادہ توجہ دینا ہو گی فوٹو : فائل

کھیل کے ساتھ ساتھ اپنے کردار کی سچائی ثابت کرنے پر زیادہ توجہ دینا ہو گی فوٹو : فائل

 کراچی: قومی کرکٹ چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ پابندی ختم  ہونے کے باوجود اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث کرکٹرز کیلیے موجودہ کرکٹ ٹیم میں ابھی کوئی جگہ نہیں ہے، بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ محمد آصف ، محمد عامر اور سلمان بٹ کو کھیل کے  ساتھ ساتھ اپنے کردار کی سچائی ثابت کرنے پر زیادہ توجہ دینا ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ ان تینوں کو عوام کو یہ بار بار بتانا ہو گا کہ وہ غلطی کرنے پر پچھتا رہے اور شرمندہ ہیں۔ انھیں ہر وقت بتانا ہو گا کہ ہمیں افسوس ہے ہم نے جو کیا،ساتھ ہی اس بات کی ضمانت دینا ہو گی کہ اگر واپس آئیں گے تو صرف ملک اور کرکٹ ٹیم کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ  پی سی بی کی جانب سے ان تینوں کھلاڑیوں کے لیے شروع کیا گیا بحالی پروگرام بیحد اہم ہے، اس کا مقصد یہی ہے کہ انھیں احساس ہو اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہو کر پاکستان کے لیے کس قدر بدنامی سمیٹی ہے۔

ان تینوں کھلاڑیوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ انھوں نے کیا کھویا، ان سے کہا گیا ہے کہ تمام تجربے کو لیکچرز کی صورت میں علاقائی سطح پر دورے کر کے نوجوان کرکٹرز کو بتائیں۔ ہارون رشید نے مزید کہا کہ پانچ سال باہر رہنے کے بعد کسی پروفیشنل کرکٹر کے لیے واپس آنا آسان نہیں ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔