قومی ٹی 20 کوالیفائرز؛ بہاولپور نے ڈیرہ مراد جمالی کو3رنز سے ہرا دیا

اسپورٹس رپورٹر / اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 3 ستمبر 2015
قومی ٹی20:ڈیرہ مراد جمالی سے میچ میں وکٹ ملنے پر بہاولپور کے پلیئرز خوشیاں منارہے ہیں  ۔  فوٹو : آئی این پی

قومی ٹی20:ڈیرہ مراد جمالی سے میچ میں وکٹ ملنے پر بہاولپور کے پلیئرز خوشیاں منارہے ہیں ۔ فوٹو : آئی این پی

 اسلام آباد / لاہور:  قومی ٹی20کپ کوالیفائرز میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بہاولپور نے ڈیرہ مراد جمالی کو 3 رنز سے ہرا دیا، لاہور بلوز نے کوئٹہ کو باآسانی7 وکٹ سے زیر کرلیا۔

امام الحق نے نصف سنچری بنائی، عطااللہ اور سلمان آغا نے3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ تفصیلات کے مطابق پنڈی اسٹیڈیم راولپنڈی میں بہاولپور اور ڈیرہ مراد جمالی کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہوا لیکن قسمت بہاولپور پر3 رنز سے مہربان رہی، فاتح سائیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹ پر 130 رنز اسکور کیے۔

فیصل مبشر نے42گیندوں پر ناقابل شکست 66 رنز کی اننگز کھیلی، محمد یاسر21 اور شہان اکرم 15 رنز بنانے میں کامیاب رہے، ناصر خان اور عمران خان نے 2,2 وکٹیں لیں۔ آسان ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم فتح سے صرف 3 رنز کے فاصلے پر رہ گئی حالانکہ اس کے 7 بیٹسمین ہی آؤٹ ہوئے تھے۔

نجیب اللہ اور ناصر خان نے 33,33 رنز بنائے، محمد عمران نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔لاہور بلوز نے اپنے دوسرے میچ میں کوئٹہ ریجن کو بھی باآسانی شکست دیدی، ناکام سائیڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس وقت غلط ثابت ہوا جب بیٹسمین یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے گئے، ٹیم 19.1 اوورز میں صرف 100 رنز تک ہی پہنچ سکی، عطا اللہ اور سلمان علی آغا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3,3 وکٹیں لیں، رضا علی ڈار 2 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، کوئٹہ کی جانب سے ارون لال 24 اور جلات خان 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

لاہور بلوز نے ہدف36 بالز قبل صرف 3 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا، امام الحق نے41 گیندوںپر ناقابل شکست57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، سمیع اسلم نے 27 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر ٹیم کومسلسل دوسری کامیابی دلادی،لاہور بلوز نے ابتدائی میچ میں آزاد جموں کشمیر کو زیر کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔