ٹیسٹ رینکنگ ؛ یونس نے چھٹی پوزیشن پرقدم مضبوطی سے جمالیے

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 3 ستمبر 2015
چتیشور پجارا پہلی بار ٹاپ 20 میں شامل،بولنگ میں یاسرشاہ کا بدستور چوتھا نمبر  فوٹو : اے ایف پی

چتیشور پجارا پہلی بار ٹاپ 20 میں شامل،بولنگ میں یاسرشاہ کا بدستور چوتھا نمبر فوٹو : اے ایف پی

دبئی:  نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی پلیئرز کی پوزیشنز میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی، تجربہ کار یونس خان نے چھٹی پوزیشن پر قدم مضبوطی سے جمالیے، بولنگ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کا نمبر چوتھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ پلیئرزرینکنگ میں پاکستانی یونس خان کی چھٹی پوزیشن برقرار رہی،اسٹیون اسمتھ پہلے، ابراہم ڈی ویلیئرز دوسرے اورجوئے روٹ تیسرے نمبر پربراجمان ہیں، بھارتی کرکٹرچتیشور پجارا پہلی بار ٹاپ 20 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے،سری لنکا کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں 145رنز ناٹ آؤٹ بنانے والے پجارا ایک ہی جست میں 4 درجے کی چھلانگ لگاکر20ویں نمبر پرفائز ہوئے، کپتان کوہلی ٹیم کی فتح کے باوجود ایک درجے تنزلی سے11ویں نمبر پر چلے گئے۔

روہت شرما 2 درجے ترقی ملنے پر 48ویں نمبر پر پہنچے، امیت مشرا بھی یکدم 56 درجے کی چھلانگ کر91ویں نمبر پر فائز ہوگئے،سری لنکا کے دیموتھ کرونا رتنے6 درجے تنزلی کے بعد 38ویں نمبرپر چلے گئے، بولنگ میں  ڈیل اسٹین کی حکمرانی قائم و دائم ہے، اسٹورٹ براڈ دوسرے، ٹرینٹ بولٹ تیسرے اور پاکستانی لیگ اسپنر یاسرشاہ چوتھے درجے پررہے۔

جیمزاینڈرسن پانچویں، مچل جونسن چھٹے، ورنون فلینڈر ساتویں، ایشون آٹھویں ، رنگانا ہیراتھ نویں اور ٹم ساؤتھی دسویں نمبر پر ہیں، ایشانت 3 درجے بہتری کے بعد 18ویں پوزیشن پر فائز ہوئے،اتنے ہی درجے ترقی نے سری لنکن پیسر دھمیکا پرساد کو22ویں پوزیشن کا حقدار بنا دیا، نووان پردیپ 12 درجے بہتری سے57ویں نمبر پر آگئے، آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن بدستور سرفہرست، ایشون دوسرے اور فلینڈر تیسرے درجے پر موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔