بہاولپور میں سزائے موت کے 3 مجرموں کو پھانسی دے دی گئی

ویب ڈیسک  جمعرات 3 ستمبر 2015
ملک بھر میں سزائے موت کے مجرموں کو پھانسی دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں سزائے موت کے مجرموں کو پھانسی دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ فوٹو: فائل

بہاولپور: ملک میں سزائے موت کے مجرموں کو پھانسی دینے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی قتل کے 3 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بہاولپور میں سزائے موت کے 3 مجرموں محمد بوٹا، محمد خان اور فقیر کو علی الصبح تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ اس موقع پر جیل کے اندر اور اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جیل کی طرف آنے کی اجازت نہیں تھی۔

مجرم محمد بوٹا نے 2003 میں 2 لڑکیوں کو فائرنگ کر کے  قتل کیا تھا جب کہ محمد خان نے 1995 میں ایک شخص کو قتل کیا تھا۔

مجرم فقیر امام مسجد تھا اور اس نے 2004 میں اپنے 11 سالہ شاگرد کے ساتھ بد فعلی کی اور پھر اسے قتل کر کے لاش دفنا دی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی قتل کے 2 مجرموں کو سزائے موت دی گئی تھی۔ گزشتہ برس دسمبر میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک  تقریبا 300 مجرموں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔