پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن، 4000 کلو گرام سے زائد مضر صحت گوشت پکڑا گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 3 ستمبر 2015

پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو اسٹاک نے مختلف شہروں میں انسانی درندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے جانوروں کا 4000 کلو گرام سے زائد مضر صحت گوشت برآمد کر کے 17 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے 1600 کلو مضر صحت گوشت برآمد کر کے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔

گوشت منڈو بہاؤ الدین سے لاکر راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاراہا ہے۔ تینوں ملزمان کے خلاف تھانہ وارث خان میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

محکمہ لائیو اسٹاک نے سرگودھا میں حکومتی مذبح خانے پر چھاپہ مار کر 1600 کلو مضر صحت گو شت برآمد کر کے ٹھیکدار کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق حکومتی مذبح خانے میں ڈاکٹر اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے مضر صحت گوشت آگے سپلائی کیا جاتا تھا۔ محکمہ لائیو اسٹاک نے ڈاکٹر کو معطل کرنے کے لئے حکومت کو خط ارسال کر دیا ہے۔

شیخوپورہ میں جی ٹی روڈ پر بھی محکمہ لائیو اسٹاک نے کارروائی کر کے 1200 کلو گوشت برآمد کر لیا ہے۔ 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بھی لاہور کے علاقوں کرول گھاٹی اور ٹھوکر نیاز بیگ میں چھاپے مار کر 550 کلو گرام مضر صحت گوشت پکڑ لیا۔

لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ سے 300 کلو گرام جب کہ کرول گھاٹی کے مقام سے 250 کلو گوشت مضر صحت گوشت پکڑا گیا۔ پولیس نے 9 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔

مظفرگڑھ میں محکمہ لائیو اسٹاک نے مختلف قصابوں کی دکانوں پرچھاپے مار کر 40 کلو ناقص گوشت برآمد کر کے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

دوسری جانب لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر صحت بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا دائرہ کار پورے صوبے میں بڑھا دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پکڑے گئے گوشت کے بارے میں وہ وثوق سے نہیں کہہ سکتے لیکن ڈی این اے کے بعد ساری چیزیں سامنے آ جائیں گی۔

بلال یاسین نے کہا کہ گزشتہ دو تین ہفتوں سے محکمے کو اطلاعات مل رہی تھیں کہ لاہور میں سور کا گوشت آرہا ہے، ہم نے اطلاعات کی روشنی میں اس پر نظر رکھی ہوئی تھی کیونکہ ایسی کیا ضرورت پڑ گئی کہ حلال جانور کا گوشت راولپنڈی سے لاہور لایا جارہا ہے اور جو گوشت راولپنڈی سے آیا اس کو لینے والا کوئی شخص نہیں ہے، وہ شخص اپنی بلٹی ہی وصول نہیں کر رہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور ریلوے اسٹیشن کے قریب چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں مبینہ سور کا گوشت برآمد کر کے ایک شخص کو حراست میں لے لیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔