زرعی اجناس کی پروسیسنگ پرمراعات دینگے،وفاقی وزیرتجارت

خصوصی رپورٹر  جمعـء 4 ستمبر 2015
وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق وزارت تجارت میں زرعی پروڈکٹس کی برآمدات میں اضافے پر خصوصی فوکس کیا جا رہا ہے, وفاقی وزیر۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق وزارت تجارت میں زرعی پروڈکٹس کی برآمدات میں اضافے پر خصوصی فوکس کیا جا رہا ہے, وفاقی وزیر۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیرنے کہا ہے کہ نئی تجارتی پالیسی میں برآمدات کے لیے زرعی اجناس کی پروسیسنگ پر پرکشش مراعات دی گئی ہیں۔

کم ترقی یافتہ علاقوں کے لیے مزید اسپیشل پیکیج متعارف کرائے جا رہے ہیں، پاکستانی زرعی اجناس کو غیرروایتی منڈیوں میں متعارف کرانے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، فشریز کی جنوب مشرقی ایشیا اور چین میں بہت طلب ہے، فشریز کے فروغ کے لیے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے ذریعے بھی پروجیکٹ شروع کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق وزارت تجارت میں زرعی پروڈکٹس کی برآمدات میں اضافے پر خصوصی فوکس کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں مختلف ممالک سے مذاکرات جاری ہیں، ترجیحات میں ایران سرفہرست ہے جبکہ روس اور وسطی ایشیا میں زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے بھی حکمت عملی طے کی جارہی ہے۔

چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیر کی سربراہی میں آئندہ ہفتے وفد روس میں پہلی مرتبہ فوڈ ایکسپو میں شرکت کے لیے جا رہا ہے، وزارت نے ان علاقوں میں چاول، کینو، آم، سبزیاں بھرپور طریقے سے متعارف کرانے کا آغاز کر دیا ہے،وزیر اعظم نے زراعت کے فروغ کے لیے کمیٹی قائم کی ہے، وزیر تجارت بھی اس کمیٹی کا حصہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔