بھارتی ہوم منسٹر بھی ’’ٹال مٹول مہم‘‘ میں شریک ہو گئے

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 5 ستمبر 2015
کرکٹ کی کوئی تجویزموصول نہیں ہوئی،فیصلہ قوم کے بہترین مفاد میں کریں گے،کیرن فوٹو : فائل

کرکٹ کی کوئی تجویزموصول نہیں ہوئی،فیصلہ قوم کے بہترین مفاد میں کریں گے،کیرن فوٹو : فائل

نئی دہلی: بھارتی ہوم منسٹر کیرن ریجیجو بھی پاک بھارت سیریز پر بی سی سی آئی کی ’’ٹال مٹول مہم‘‘ میں شریک ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ باہمی مقابلوں کے حوالے سے کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی، فی الحال کرکٹ کے بارے میں کچھ نہیں کہا سکتا لیکن فیصلہ قوم کے بہترین مفاد میں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق فیوچر ٹور پروگرام کے تحت پاکستان کو دسمبر میں بھارت کی میزبانی کرنا ہے،یو اے ای میں سیریز کے انعقاد کیلیے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز میں ایم او یو  پر دستخط بھی ہوچکے، مگر بھارت کے تیور بدلے ہوئے ہیں، حکومت بھی اب باقاعدہ طور پر بی سی سی آئی کی ٹال مٹول مہم کا حصہ بنتی نظر آرہی ہے، اس سے قبل سیاسی حلقوں میں پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی تو جاری تھی لیکن کرکٹ کے بارے میں بات کرنے سے گریز ہی کیا جارہا تھا۔

گذشتہ روز یونین منسٹر آف اسٹیٹ فار ہوم کیرن ریجیجو بھی انوراگ ٹھاکر کی ہمنوائی کرتے نظر آئے،ایک میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاک بھارت سیریز کے حوالے کوئی تجویز ہمیں موصول نہیں ہوئی، کرکٹ کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن پڑوسی ممالک میں باہمی مقابلوں کے بارے میں قوم کے بہترین مفاد میں فیصلہ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔