ڈس ایبلڈٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے افغانستان کو مات دیدی

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 5 ستمبر 2015
راؤجاویدکی عمدہ بولنگ،مطلوب قریشی نے نصف سنچری بنائی،آج بنگلہ دیش سے مقابلہ  فوٹو: فائل

راؤجاویدکی عمدہ بولنگ،مطلوب قریشی نے نصف سنچری بنائی،آج بنگلہ دیش سے مقابلہ فوٹو: فائل

 کراچی: 5 قومی ڈس ایبلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 8 وکٹ سے مات دیدی، راؤ جاوید نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا،ایک ہاتھ سے محروم مطلوب قریشی نے جارحانہ نصف سنچری بنائی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ڈھاکا میں گرین شرٹس نے اپنے ابتدائی میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، افغانستان ڈس ایبلڈ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی دعوت پر مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 153 رنز جوڑے، محمود اللہ نے 24 گیندوں پر7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے، عبید اللہ کے 31 رنز میں 2 چھکے شامل تھے۔

8 بیٹسمین 10 کا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، آف اسپنر راؤ جاوید نے 19 رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، عمیر الرحمان نے12 رنز دے کر 3 اور فیاض احمد نے 29 رنز کے عوض2 وکٹیں لیں۔ جواب میں پاکستان ڈس ایبلڈ ٹیم نے 2 وکٹیں گنوا کر 16 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا، ایک ہاتھ سے محروم اوپنر مطلوب قریشی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر ناقابل شکست55 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔

کپتان میجر (ر) حسنین عالم نے بھی جارحانہ انداز میں 28 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 35  رنز جڑے، دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز اسکور کیے، دانش نے 10 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، ایونٹ کی پہلی نصف سنچری اسکور کرنے والے مطلوب قریشی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، پاکستان اپنا دوسرا میچ ہفتے کو میزبان بنگلہ دیش سے کھیلے گا۔ دوسری جانب بارش سے متاثرہ ری شیڈول افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 14 رنز سے قابو کرلیا۔

میزبان ٹیم نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر117 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 7 وکٹیں گنوا کر103 رنز جوڑ سکی ، ٹریتھو نے12رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ہفتے کو انگلینڈ کا مقابلہ بھارت سے ہونا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔