طالبان کی تحریک انصاف کے رہنمائوں پر حملے کی دھمکی

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 11 ستمبر 2015
رکن پنجاب اسمبلی اسلم اقبال کے ڈیرے پر حملوں کی ذمے داری بھی قبول کرلی ہے:فوٹو : فائل

رکن پنجاب اسمبلی اسلم اقبال کے ڈیرے پر حملوں کی ذمے داری بھی قبول کرلی ہے:فوٹو : فائل

لاہور: کالعدم تحریک طالبان نے تحریک انصاف کے نیشنل آرگنائزر شاہ محمود قریشی، پنجاب کے آرگنائزر چوہدری سرور و دیگر رہنمائوں کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے جبکہ رکن پنجاب اسمبلی اسلم اقبال کے ڈیرے پر حملوں کی ذمے داری بھی قبول کرلی ہے۔

کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے ای میل کے ذریعے چند روز پہلے لاہور کے علاقے سمن آباد میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی میاں اسلم اقبال کے ڈیرے پر ہونے والے 2 حملوں کی ذمے داری قبول کی گئی ہے اور مستقبل میں تحر یک انصاف کے نیشنل آرگنائزر شاہ محمود قریشی، پنجاب کے آرگنائزر چوہدری سرور، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید، رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال، رکن پنجاب اسمبلی ملک تیمور اور عبدالعلیم خان کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔

جس کے بعد تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزرچوہدری سرور نے سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکیورٹی اداروں کوخط لکھ دیا جبکہ چوہدری سرور نے خط کی کاپی وزارت داخلہ، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی بی کو بھی ارسال کی ہے۔ خط میں کہا گیاکہ تحریک انصاف کے رہنمائوں کو ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران مکمل سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔