مصر میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے غیر ملکیوں سمیت 12 سیاح ہلاک، متعدد زخمی 

ویب ڈیسک  پير 14 ستمبر 2015
میکسیکو نے ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے مصر سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ فوٹو: فائل

میکسیکو نے ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے مصر سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ فوٹو: فائل

قاہرہ: مصر میں پولیس اور افواج نے غلطی سے سیاحوں کے ایک کاروان پر حملہ کرکے 12 سیاحوں کو ہلاک کردیا جن میں کئی غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

مصری وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مصر کی پولیس اور فوج ملک کے مغرب میں واقع ریگستان میں  دہشت گردوں کا تعاقب کررہی تھی، اس دوران فورسز کو چار ٹرک نظر آئے جس میں ملکی اور غیر ملکی سیاح موجود تھے۔ یہ ٹرک اس علاقے سے گزررہے تھے جو بیرونی سیاحوں کے لیے وضع کردہ حدود سے باہر تھا۔ جس پر فورسز نے غلط فہمی کا شکار ہوکر قافلے کو نشانہ بنایا۔

مصری وزارت داخلہ نے واقعے میں 12 افراد کی ہلاکت اور 10 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، ہلاک اور زخمی ہونے والے سیاحوں میں میکسیکو کے شہری بھی شامل ہیں ۔ مصری حکام کے مطابق واقعے میں 2 میکسیکن شہری ہلاک جب کہ 5 زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب میکسیکو کی حکومت نے بھی اپنے دو باشندوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرنے اور زخمی ہونے والے افراد کی مزید تصدیق کی جارہی ہے۔ میکسیکو کے صدر اینرک پینا نائیٹو نے ان ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے مصر سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

2013 میں مصر میں فوج کی جانب سے صدر محمد مرسی  کی حکومت کے خاتمے کے بعد پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور داعش کے حمایت یافتہ شدت پسند اب تک سینکڑوں پولیس اور فوجی اہلکاروں کو ہلاک کرچکے ہیں اور اس کا مرکز وادی سینا میں رہا ہے یہی وجہ ہے کہ مغربی صحرا دہشت گردوں کا مرکز بنتا جارہا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔