پشاور ایئرفورس بیس حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن اسفندیار

ویب ڈیسک  جمعـء 18 ستمبر 2015
کیپٹن اسفند یار نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی مٰیں فرنٹ لائن سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، آئی ایس پی آر -فوٹو: فائل

کیپٹن اسفند یار نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی مٰیں فرنٹ لائن سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، آئی ایس پی آر -فوٹو: فائل

پشاور: کیپٹن اسفند یار بخاری نے بڈھ بیر میں ایئرفورس بیس پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں فرنٹ لائن سے فوجی دستوں کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جب کہ حملے میں پاک فضائیہ کے 2 ٹیکنیشن بھی شہید ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں ایئرفورس بیس پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران کیپٹن اسفند یاربہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے جب کہ اسفند یار کا شمار پاک فوج کے باہمت اور بہادر جوانوں میں ہوتا تھا اور آج بھی وہ دہشت گردوں کے خلاف فرنٹ لائن پر فوجی دستوں کی قیادت کررہے تھے۔ دہشتگردوں کے حملے میں پاک فضائیہ کے دو جونیئر ٹیکنیشن شان اور طارق بھی شہید ہوئے۔

کیپٹن اسفندیاربخاری شہید کا تعلق 102 بریگیڈ ، 11 فرنٹیئرفورس سےتھا جب کہ وہ 118لانگ کورس سے پاس آؤٹ ہوئے اور انہوں نے اعزازی شمشیر بھی حاصل کی۔ اس موقع پر ان کی دیگر پوزیشن ہولڈرز اور آرمی چیف کے ہمراہ تصاویر بھی موجود ہیں۔ کیپٹن اسفند یار نے انڈر 19 ہاکی ٹیم پنجاب کی نمائندگی بھی کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔