پی سی بی کا پاکستان سپر لیگ متحدہ عرب امارات میں کرانے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 24 ستمبر 2015
پی ایس ایل رواں سال 4 سے 24 فروری تک دبئی، شارجہ اور ابو ظہبی میں ہوگا۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل رواں سال 4 سے 24 فروری تک دبئی، شارجہ اور ابو ظہبی میں ہوگا۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی پاکستان سپر لیگ قطر کے بجائے متحدہ عرب امارات میں کرانے کااعلان کردیا جب کہ ایونٹ کے میچز دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق کرکٹ بورڈ نے پہلی پاکستان سپر لیگ متحدہ عرب امارات میں کرانے کا اعلان کردیا ہے جہاں دبئی، ابو ظہبی اور شارجہ ایونٹ کی میزبانی کریں گے جب کہ سپر لیگ میں ملکی و غیر ملکی اسٹار کرکٹرز سمیت پاکستان اے اور انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد کی ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس میں 25 میچز کھیلے جائیں گے جب کہ لیگ کی مجموعی انعامی رقم 10 لاکھ ڈالر ہوگی اورہر فرنچائز کو 10 لاکھ ڈالر کے اندر کھلاڑی اور کوچز خریدنے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل یہ لیگ قطر کے شہر دوحا میں کرانے کا اعلان کیا تھا اور کچھ روز قبل ہی پاکستان سپر لیگ کے لوگو کی تقریب رونمائی ہوئی تھی جب کہ ایونٹ آئندہ سال 4 فروری سے 24 فروری تک کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔