امریکا میں معاشی سست روی،گزشتہ ماہ کم ملازمتیں فراہم

اے ایف پی  اتوار 4 اکتوبر 2015
ستمبرمیں2لاکھ5ہزارکی توقع کے برعکس صرف1لاکھ42ہزارافرادکوروزگار ملا۔ فوٹو: فائل

ستمبرمیں2لاکھ5ہزارکی توقع کے برعکس صرف1لاکھ42ہزارافرادکوروزگار ملا۔ فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکا میں ستمبر کے دوران توقعات سے کم ملازمتیں فراہم کی گئیں جبکہ جولائی اور اگست میں بھی ہائرنگ پہلے لگائے گئے اندازے سے کمزور رہی۔

محکمہ محنت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر میں 1لاکھ42ہزار افراد کو روزگار فراہم کیا گیا جو مبصرین کی 2لاکھ5ہزار ملازمتوں کی پیش گوئی سے بہت کم ہے، گزشتہ ماہ بیروزگاری کی شرح بھی5.1فیصد پر برقرار رہی، بیروزگار افراد کی تعداد بھی معمولی تبدیلی سے79لاکھ رہی جبکہ جولائی اگست پر ڈیٹا پر نظرثانی بھی کردی گئی۔

جس سے پتاچلا کہ اگست میں 1لاکھ 36ہزار اور جولائی میں 2 لاکھ 23 ہزار افراد کو ملازمتیں فراہم کی گئیں جو پہلے اندازے سے 59 ہزار مواقع کم ہے، اس سے جولائی تاستمبر کی مدت میں روزگار کی فراہمی کی ماہانہ اوسط 1لاکھ67ہزار کی کمزورسطح پر آگئی جو امریکی معیشت کی سست روی کی عکاسی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق افرادی قوت شراکت ریٹ بھی ستمبر میں 62.6 فیصد سے گھٹ کر 62.4 فیصد پر آگیا جو انتہائی کم ہے، اسی طرح اجرتوں میں بھی کمی ہوئی جو کمزور ہائرنگ طلب کی عکاسی ہے، ستمبر میں اوسط آمدنی 1سینٹ گھٹ کر 25.09ڈالر فی گھنٹہ ہوگئی۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ملازمتوں کی فراہمی میں کمی آ رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔