بنوں میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں قبائلی رہنما جاں بحق، بیٹا زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 4 اکتوبر 2015
خیبر پختونخوا اور فاٹا میں اس سے قبل بھی کئی قبائلی رہنماؤں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے:فوٹو:فائل

خیبر پختونخوا اور فاٹا میں اس سے قبل بھی کئی قبائلی رہنماؤں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے:فوٹو:فائل

بنوں: ٹوچی پل کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں مقامی قبائلی رہنما جاں بحق جب کہ ان کا بیٹا زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بنوں میں مقامی قبائلی رہنما سعد علی اپنے بیٹے کے ہمراہ جارہے تھے کہ میریان میں ٹوچی پُل کے قریب دہشت گردوں نے سڑک کنارے نصب بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑا دیا۔

دھماکے کے نتیجے میں سعد علی اور ان کا بیٹا عبدالرحمان شدید زخمی ہوگئے، دونوں کو بنوں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سعد علی دم توڑ گئے جب کہ عبدالرحمان کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں اس سے قبل بھی کئی قبائلی رہنماؤں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔