سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی تحقیقاتی ٹیم لندن روانہ ہوگئی

ویب ڈیسک  اتوار 4 اکتوبر 2015
2012 میں بلدیہ ٹاؤن کی گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگنے سے 250 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل۔

2012 میں بلدیہ ٹاؤن کی گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگنے سے 250 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل۔

 کراچی: سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی تحقیقاتی ٹیم لندن روانہ ہوگئی جہاں وہ فیکٹری کے مالکان کا بیان ریکارڈ کرے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لندن روانہ ہونے والی تحقیقاتی ٹیم میں پولیس کے 5 افسران کے علاوہ ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں،تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی سلطان خواجہ کررہے ہیں، ٹیم کے ارکان عدالتی حکم کے تحت لندن میں موجود بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کے مالکان عزیز بھائیلہ، شاہد بھائیلہ اور ارشد بھائیلہ کا بیان ریکارڈ کریں گی اور اسے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

تحقیقاتی ٹیم میں شامل افسر کا کہنا ہے کہ فیکٹری مالکان کا بیان انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے کیس کا رخ مکمل طور پر پلٹ سکتا ہے اور تفتیش میں انتہائی اہم پیشرفت کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ 2012 میں بلدیہ ٹاؤن کی گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگنے سے 250 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔