دنیا کی پہلی ادویاتی چاکلیٹ جو بلڈ پریشر کو قابو میں رکھ سکے گی

ویب ڈیسک  پير 5 اکتوبر 2015
چاکلیٹ میں کوکو کے علاوہ اینٹی آکسیڈنٹ اور معدنیات ہے جو اچھے کولیسٹرول کو بڑھاتی ہے،چاکلیٹ بنانے والی کمپنی کا دعویٰ۔ فوٹو: فائل

چاکلیٹ میں کوکو کے علاوہ اینٹی آکسیڈنٹ اور معدنیات ہے جو اچھے کولیسٹرول کو بڑھاتی ہے،چاکلیٹ بنانے والی کمپنی کا دعویٰ۔ فوٹو: فائل

بوسٹن: اگرچہ چاکلیٹ کھانے کے بہت سے فوائد منظرِعام پر آتے رہتے ہیں لیکن ماہرین نے چاکلیٹ اور کوکو میں اینٹی آکسیڈنٹس اجزا، معدنیات اور دیگر اہم اشیا شامل کرکے دنیا کی پہلی چاکلیٹ تیار کی ہے جسے دوا کے طور پر کھایا جاسکتا ہے۔

پوری دنیا میں سالانہ 100 ارب ڈالر کی چاکلیٹ اور مصنوعات استعمال کی جاتی ہیں لیکن اس میں 70 فیصد چکنائی اور شکر ہوتی ہے جو فائدہ مند ثابت نہیں ہوسکتی لیکن امریکی شہر بوسٹن میں کوکا زوکو کمپنی نے ایسی چاکلیٹ بنائی ہے جس میں چینی اور چکنائی کی مقدارصرف 35 فیصد ہے اوراس میں بولیویا اور پیرو کی جڑی بوٹی بھی شامل کی گئی ہے تاکہ شکر ملائے بغیر کوکو کی کڑواہٹ ختم کی جاسکے۔ اسی طرح چکنائی کم کرنے کے لیے بھی خاص تدابیر کی گئی ہیں۔

کمپنی کی جانب سے تیارکردہ چاکلیٹ میں ایسی معدنیات اور پودوں کے اجزا شامل کیے گئے ہیں جو ذائقے کومتاثر نہیں کرتے یہی نہیں چاکلیٹ میں اینٹی آکسیڈنٹس اور صحت کے لیے بہتر کولیسٹرول شامل کئے گئے ہیں اور یوں یہ چاکلیٹ بلڈ پریشر کم کرنے میں مدد گار ہوسکتی ہے۔ یہ کمپنی چاکلیٹ میں چینی اور چکنائی کو دس فیصد تک محدود کرنا چاہتی ہے تاکہ اسے مزید بہتر بنایا جاسکے اوراگلے سال اپنی چاکلیٹ کو فروخت کے لیے پیش کررہی ہے۔

لندن میں عالمی چاکلیٹ فورم کے ایک ماہرنے کہا ہے کہ ادویاتی چاکلیٹ سے عالمی مارکیٹ دوگنی ہوکر 200 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ اگر چاکلیٹ سے مضر اجزا نکال دیئے جائیں تو یہ دوا بن جائے گی لیکن ایک خوش ذائقہ اورمرغوب دوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔