نئے ٹیلنٹ کی عمدہ کارکردگی نیک شگون ہے، اظہر علی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 6 اکتوبر 2015
بلال آصف اپنے دوسرے انٹرنیشنل میچ میں آزمودہ کار بولر دکھائی دیے، قومی ون ڈے کپتان  فوٹو: آن لائن

بلال آصف اپنے دوسرے انٹرنیشنل میچ میں آزمودہ کار بولر دکھائی دیے، قومی ون ڈے کپتان فوٹو: آن لائن

ہرارے: اظہر علی نے زمبابوے کیخلاف سیریز میں نئے ٹیلنٹ کی عمدہ کارکردگی کونیک شگون قرار دیدیا،ان کا کہنا ہے کہ بلال آصف دوسرے انٹرنیشنل میچ میں ہی ایک آزمودہ کاربولر دکھائی دیے، سیریز میں اپنے مقاصد حاصل کرلیے۔

مین آف دی سیریز شعیب ملک نے کہا کہ اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کیلیے بہتر سے بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔تفصیلات کے مطابق زمبابوے کیخلاف سیریز کے فیصلہ کن میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ وکٹ بیٹنگ کیلیے بڑی سازگار تھی۔

ایک مرحلے پرہم سوچ رہے تھے کہ میزبان ٹیم کو 270سے کم اسکور تک محدود کرنے کی کوشش کرینگے لیکن بلال آصف نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آل راؤنڈر انٹرنیشنل کیریئر کا صرف دوسرا میچ کھیل رہے ہیں لیکن انھوں نے ایک آزمودہ کار بولر کی طرح پرفارم کیا، سیریز شروع ہونے سے قبل ہمارے کچھ پلان تھے، ہم نئے ٹیلنٹ کی جانچ چاہتے تھے، خوش آئند بات یہ ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور اعتمادکیساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ہم نے سیریز سے اپنے مقاصد حاصل کرلیے ہیں،میزبان کپتان ایلٹن چگمبرا نے کہا کہ میچ میں بیٹنگ کی ناکامی شکست کا سبب بنی، پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی اور جیت کا حقدار تھا، ہمیں بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، افغانستان اور آئرلینڈ کیخلاف مقابلوں میں بیٹنگ میں استحکام ہی کامیابی کی ضمانت ہوگا۔

مین آف دی سیریز شعیب ملک نے کہا کہ اپنے تجربے کو بروئے کارلاتے ہوئے ٹیم کیلیے بہتر سے بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کررہا ہوں، وقار یونس اورمشتاق احمد کا شکرگزار ہوں جنھوں نے مجھے ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کے قابل سمجھتے ہوئے صلاحیتوں پر بھروسہ کیا، ساتھی کھلاڑیوں کی سپورٹ کے بغیر کامیابی کا خواب نہیں دیکھا جاسکتا، ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں، تاہم انگلینڈ کیخلاف یو اے ای میں سیریز کیلیے میری نیک خواہشات ٹیم کیساتھ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔