سی او اے ایس اسکواش ؛ ٹائٹل جیتنے کی پاکستانی اُمید ختم

اسپورٹس ڈیسک  منگل 6 اکتوبر 2015
ناصر اقبال کو سیمی فائنل میں مصر کے ابو الغیر نے 3-1 سے شکست دیدی، فائنل تک رسائی کے دوسرے معرکے میںعمر عبدالمغید کا ہموطن کریم الفتحی پر غلبہ ۔  فوٹو : آئی این پی

ناصر اقبال کو سیمی فائنل میں مصر کے ابو الغیر نے 3-1 سے شکست دیدی، فائنل تک رسائی کے دوسرے معرکے میںعمر عبدالمغید کا ہموطن کریم الفتحی پر غلبہ ۔ فوٹو : آئی این پی

لاہور: چیف آف ایئراسٹاف انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ میں ٹائٹل پانے کی پاکستانی امید ختم ہوگئی، پاکستان نمبر ون کھلاڑی ناصر اقبال کو سیمی فائنل میں مصر کے محمد ابو الغیر نے 48 منٹ کے مقابلے میں3-1 سے شکست دیدی، دفاعی چیمپئن عمرعبدالمغید نے ہموطن کریم الفتحی کو زیرکرتے ہوئے فائنل کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری 25 ہزار ڈالر انعامی رقم کے پی ایس اے ایونٹ کے سیمی فائنل میں مصر کے سیکنڈ سیڈ محمد ابوالغیر نے میزبان کھلاڑی ناصر اقبال کو 3-1 سے زیرکرلیا،48 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں فاتح کھلاڑی نے ابتدائی گیم میں 11-8 سے برتری حاصل کی۔

ناصر اقبال نے دوسرے گیم میں انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11-2 سے مقابلہ برابرکردیا۔ تیسرے میں ابو الغیر نے ایک بار پھر 11-8 کے مارجن سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقابلہ 2-1 کردیا، ناصر اقبال نے میچ میں واپسی کیلیے چوتھے گیم میں شاندار کھیل پیش کیا، ایک موقع پر انھیں برتری بھی حاصل تھی لیکن تجربہ کار مصری کھلاڑی نے آخری لمحات میں گیم اپنی جانب موڑلیا اور14-12 کے اسکور کی فتح کیساتھ فائنل میں پہنچ گئے۔

جہاں ان کا سامنا ہموطن دفاعی چیمپئن عمر عبدالمغید سے ہوگا، دفاعی چیمپئن نے فائنل فور میں مصر کے ہی تھرڈ سیڈ کریم الفتحی کو 80 منٹ کی جدوجہد کے بعد 3-1 سے زیر کیا۔

کریم الفتحی نے ابتدائی گیم 11-6 سے جیت لی، دوسرے میں بھی سخت مقابلہ ہوا لیکن اس بار قسمت عمر پر مہربان رہی اور وہ 14-12 کی کامیابی کے ساتھ مقابلہ 1-1 سے برابر کرنے میں کامیاب رہے۔ تیسرے گیم میں ٹاپ سیڈ کھلاڑی نے ایک بار پھر عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11-3 سے فتح پائی، چوتھے میں کریم الفتحی نے کم بیک کی کوشش کی لیکن عمر نے انھیں 11-9 سے زیر کرتے ہوئے ٹائٹل معرکے میں جگہ بنالی۔ ایونٹ کے ٹاپ ٹو سیڈنگ کھلاڑیوں کے مابین فائنل منگل کو شام  4 بجے شروع ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔