شجاع خانزادہ کے صاحبزادے پی پی اٹک 16 کی نشست سے کامیاب

ویب ڈیسک  منگل 6 اکتوبر 2015

اٹک: وزیر داخلہ پنجاب شجاع خان زادہ کے بیٹے جہانگیر خانزادہ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 16 کی نشست پر ضمنی انتخاب میں آزاد امیدوار نعیم اعوان کو شکست دے دی۔

اٹک کی تحصیل حضرو میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 16 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوارشجاع خانزادہ کے بیٹے جہانگیر خانزادہ اور آزاد امیدوار ڈاکٹر نعیم اعوان کے درمیان مقابلہ ہوا تاہم عوام نے شہید شجاع خانزادہ کے بیٹے پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں منتخب کرلیا ہے، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق جہانگیر خانزادہ نے 44 ہزار 287 جب کہ آزاد امیدوار نے صرف 4 ہزار کے قریب ووٹ لیے۔

حلقے میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا تاہم چند ایک مقامات پر ہنگاموں کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے جب کہ حلقے میں 137 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے جن میں مردوں کے لیے 51، خواتین کے لئے 44 جب کہ 42 مشترکہ پولنگ اسٹیشن تھے۔ حلقے کے 36 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قراردیا گیا تھا جب کہ ووٹنگ کے دوران فوج اور رینجرز کے جوان بھی پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کئے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔