یمن کے وزیر اعظم کے زیر استعمال ہوٹل پر حملہ، متعدد افراد ہلاک اور زخمی

ویب ڈیسک  منگل 6 اکتوبر 2015
سرکاری فوج نے جولائی میں حوثی باغیوں سے عدن کا کنٹرول دوبارہ واپس لیا تھا فوٹو: اے ایف پی

سرکاری فوج نے جولائی میں حوثی باغیوں سے عدن کا کنٹرول دوبارہ واپس لیا تھا فوٹو: اے ایف پی

عدن: یمن کے وزیر اعظم خالد بحاح کے زیر استعمال ہوٹل پر راکٹ حملے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یمن کے شہر عدن میں واقع ہوٹل ’’القصر‘‘ پر یکے بعد دیگرے 3 راکٹ داغے گئے جس کے نتیجے میں ہوٹل میں آگ لگ گئی۔ اسی ہوٹل میں وزیر اعظم سمیت کئی دیگر اعلیٰ حکومتی اہلکار رہائش پذیر تھے جب کہ متحدہ عرب امارات کا فوجی ہیڈ کوارٹر اور اعلٰی افسران کی رہائش گاہ بھی اسی ہوٹل میں ہے۔

راکٹ حملے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں تاہم سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔

یمن کے وزیر نوجوانان و کھیل نافع البکری کا کہنا ہے کہ ہوٹل سے وزیراعظم خالد بحاح خیریت سے ہیں اور انہیں ہوٹل سے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سرکاری فوج نے جولائی میں حوثی باغیوں سے عدن کا کنٹرول دوبارہ واپس لیا تھا جس کے بعد سے یمنی حکومت نے اس شہر کو جزوقتی دارالحکومت قرار دے رکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔