تھائی لینڈ میں عجیب الخلقت بچھڑے کی پیدائش نے لوگوں کو خوفزدہ کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 7 اکتوبر 2015
یہ بچھڑا اپنی پیدائش کے کچھ دیر بعد ہی مر گیا تھا ،فوٹو:فیس بک

یہ بچھڑا اپنی پیدائش کے کچھ دیر بعد ہی مر گیا تھا ،فوٹو:فیس بک

بینکاک: تھائی لینڈ میں بھینس نے ایک عجیب الخلقت بچھڑے کو جنم دیا جس کا دھڑ تو بھینس کا تھا تاہم اس کا سر اور جلد ایک مگر مچھ سے مشابہ ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے شمال مشرق میں واقع ایک دوردراز گاؤں وانگ ہن میں کسان کی بھینس نے ایک بچھڑے کو جنم دیا جس کو دیکھ کر مقامی افراد جہاں حیران ہوئے وہیں بیشتر افراد اس کو دیکھ کر خوفزدہ بھی ہوگئے اور اسے بھوت پریت کہنا شروع کردیا۔ اس عجیب الخلقت بچھڑے کی ٹانگیں تو بھینس کی طرح تھیں لیکن اس کی جلد سخت ،کھردری اور مگر مچھ سے مشابہت رکھتی تھی جب کہ اس کا سر بھی کافی حد تک مگرمچھ کی طرح تھا۔

یہ عجیب و غریب ہیئت رکھنے والا بچھڑا اپنی پیدائش کے کچھ دیر بعد ہی مر گیا جس پر گاﺅں والوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور بچھڑے کی موت کو اپنے خاندان اور گاؤں  کے لیے خوش بختی کی علامت قرارد یا۔

بچھڑے کو جنم دینے والی بھینس کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ وہ بالکل تندرست ہے اور اس سے قبل بھی ایک بچھڑے کو جنم دے چکی ہے جو بالکل ٹھیک حالت میں تھا البتہ یہ معمہ حل طلب ہے کہ  اس مرتبہ جنم لینے والے بچھڑے کی جلد موٹی اور رینگنے والے جانور کی طرح کیسے بن گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔