فیس بک کا افریقی ممالک کو انٹرنیٹ فراہم کرنے کے لیے سیٹلائٹ سسٹم لانچ کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 6 اکتوبر 2015
سیٹلائیٹ کو 2016 میں خلا میں بھیجا جائے گا، مارک زکر برگ

سیٹلائیٹ کو 2016 میں خلا میں بھیجا جائے گا، مارک زکر برگ

کیلی فورنیا: فیس بک کے بانی نے خلا میں سیٹلائٹ سسٹم لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی مدد سے اب افریقا کے دور دراز ممالک میں بھی انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہوگی۔

انٹرنیٹ کے اس تیز ترین دور میں اس سے مستیفد ہونے والے افراد سوشل میڈیا کے جنون میں مبتلا ہیں اور سماجی رابطے کی ویب سائٹس کے ذریعے اپنے دوستوں اور چاہنے والوں سے ہر وقت رابطے میں رہتے ہیں اس لیے اپنے صارفین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے خلا میں سیٹلائٹ سسٹم لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مارک زکر برگ کے مطابق فیس بک خلا میں سیٹلائٹ لانچ کرنے جا رہی ہے جس سے افریقا کے دور دراز ممالک کو بھی اب انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہوگی جس کی مدد سے ان علاقوں میں رہنے والے افراد اب اپنے پیاروں اور دوستوں سے جو دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں رابطے میں رہ سکیں گے۔

مارک زکر بارگ کا کہنا تھا اس سہولت سے افریقا کے دور دراز علاقوں کو بھی انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب ہوگی جس سے لوگوں کی انٹرنیٹ تک رسائی کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا اور ’’ڈائریکٹ ٹو یوزر‘‘ یعنی صارفین کو براہ راست انٹرنیٹ فراہم کرنا قابل عمل اور سستا بنایا جائے گا جب کہ سیٹلائیٹ کو 2016 میں خلا میں بھیجا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔