راجن پور میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں پاک فضائیہ بھی شامل

ویب ڈیسک  بدھ 7 اکتوبر 2015
چھوٹو گینگ کے مسلح افراد پولیس اور رینجرز کے سامنے شدید مزاحمت کررہے ہیں، فوٹو: فائل

چھوٹو گینگ کے مسلح افراد پولیس اور رینجرز کے سامنے شدید مزاحمت کررہے ہیں، فوٹو: فائل

راجن پور: روجھان مزاری کے کچے کے علاقے میں روپوش ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں پولیس اور رینجرز کے بعد اب پاک فضائیہ بھی شامل ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راجن پور کی تحصیل روجھان مزاری میں دریائے سندھ کے کچے کے علاقے میں روپوش بدنام زمانہ ڈکیت گروپ چھوٹو گینگ کے خلاف گزشتہ 4 روز سے آپریشن جاری ہے جس میں پولیس کے 5 سو سے زائد اہلکاروں کے علاوہ رینجرز کے جوان بھی شامل ہیں، ڈاکوؤں کی جانب سے شدید مزاحمت پر پولیس کی مدد کے لئے رینجرز کے بعد اب پاک فضائیہ بھی شامل ہوگئی ہے۔

پاک فضائیہ کے 2 گن شپ ہیلی کاپٹرز کچہ جمال اورکچہ کراچی میں ڈاکوؤں کے مشتبہ ٹھکانوں کو وقفے وقفے سے نشانہ بنارہے ہیں جب کہ ڈاکوؤں کی جانب سے بھی شدید فائرنگ کی جارہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ 4 روز کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق جب کہ 9 زخمی ہوئے ہیں تاہم ڈاکوؤں کو ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

واضح رہے کہ چھوٹو گینگ نے کچھ عرصہ قبل پولیس کے 9 اہلکاروں کو بھی اغوا کرلیا تھا تاہم علاقے کی بااثر شخصیات نے مغوی اہلکاروں کی رہائی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔