نوازشریف کرپٹ ترین وزیراعظم ہیں ان سے بہتر تو آصف زرداری تھے، عمران خان

ویب ڈیسک  بدھ 7 اکتوبر 2015

اوکاڑہ: چیر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف پاکستان کے کرپٹ ترین اور ٹیکس چور وزیراعظم ہیں ان سے بہتر تو آصف زرداری تھے۔

اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں انصاف کا نہیں بلکہ ظلم کا نظام ہے، کوئی بھی قوم تگڑی فوج اور پیسوں سے نہیں بلکہ انصاف کے لیے جدوجہد کرنے سے اوپر جاتی ہے ہم نے ابھی ایک عظیم قوم بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستانی قوم کو شعور دیا، آزاد قوم بنانے اور نوجوانوں کو حقوق کے لیے جگانے کی پوری کوشش کی جب کہ مجھے وزیراعظم بننے کا کوئی شوق نہیں کیوں کہ کسی بھی وزیراعظم سے زیادہ عزت مجھے ملی، میں یہاں صرف الیکشن کی تیاری کے لیے نہیں آیا بلکہ ملک کو عظیم بنانے کے لیے ایک تحریک چلارہا ہوں۔

عمران خان نے ملک کی معاشی حالت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا قوم کو 150 ارب روپے کی میٹرو کی ضرورت تھی یا اسپتالوں اور اسکولوں کی ضرورت تھی، ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے ، لاکھوں بچے اسپتال نہ ہونے کی وجہ سے مررہے ہیں مگر ہمارے وزیراعظم بھکاریوں کی طرح آئی ایم ایف قرضے مانگ رہے ہیں جس سے ہر پاکستانی کو ایک لاکھ سے زائد کا مقروض کردیا گیا ہے اوراس کی بھرپائی پاکستان کے ہر نوجوان کو کرنا ہوگی۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نوازشریف پاکستان کے کرپٹ ترین انسان اور ٹیکس چور وزیراعظم ہیں  ان سے بہتر تو آصف زرداری تھے،  ملک میں عوام بھوک سے مررہے ہیں اور نوازشریف قوم پر ٹیکس پر ٹیکس لگا رہے ہیں، اس لیے آج آصف زرداری کو نوازشریف سے اچھا کہنے پر مجبور ہوگیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں دنیا بھر میں کم ہوئیں اور دیگر ممالک نے 70 فیصد ریٹ کم کیے مگر نوازشریف 35 فیصد کم کرکے باقی سارا پیسہ کھا گئے اور اب عوام کو بجلی بھی مہنگی دی جارہی ہے۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے تمام منصوبے کرپشن کی وجہ سے مہنگے ہوتے جارہے ہیں، 22 ارب میں بننے والے نندی پور پروجیکٹ پر 84 ارب روپے لگادیئے گئے لیکن یہ پروجیکٹ صرف 5 دن چلا جب کہ اسلام آباد میں بھی 37 ارب روپے میں بننے والے ایئرپورٹ کی لاگت 100 ارب تک پہنچ چکی بتایا جائے کہ حکومت کے اس تجربے سے قوم کو کیا فائدہ ہوا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے کسانوں کو بھارتی کسانوں کے مقابلے میں زیادہ مہنگی بجلی اور کھاد دی جاتی ہے جب کہ پی ٹی آئی کے کسان کنونشن کے بعد نوازشریف نے خوفزدہ ہوکر کسان پیکچ کا اعلان کیا مگر اس کا بوجھ صوبائی حکومتوں سے پوچھے بغیر پیکچ ان پر بھی ڈال دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔