نائیجیریا میں 2 خودکش حملوں میں 14 افراد ہلاک

اے ایف پی/ویب ڈیسک  بدھ 7 اکتوبر 2015
حملے شمال مشرقی صوبے کے شہر میں ایک دکان اور مسجد میں کیے گئے، فوٹو:فائل

حملے شمال مشرقی صوبے کے شہر میں ایک دکان اور مسجد میں کیے گئے، فوٹو:فائل

ابوجا: نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں 2 مختلف خود کش حملوں میں 14 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق خودکش حملے نائجیریا کے شمال مشرقی صوبے یوبے کے شہر دماتورو میں 2 مختلف مقامات پر ہوئے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ پہلا حملہ ایک دکان کے باہر ہوا جس میں 5 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ اس کے کچھ ہی دیر بعد ایک مسجد میں دھماکا ہوا جس میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جن میں سے 3 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

حملوں کی ذمہ داری کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے تاہم حکام نے خودکش حملوں میں شدت پسند تنظیم بوکوم حرام کےملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ شدت پسند تنظیم بوکو حرام گزشتہ چند سالوں سے نائیجیریا اور اس کے پڑوسی ممالک میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جس میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں جب کہ گزشتہ جمعے کو نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں ہونےوالے 3 خود کش دھماکوں کی ذمہ داری بوکو حرام نے قبول کی تھی اوران حملوں میں 18 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔