پشاور میں دلیپ کمار کاگھر حکومتی تحویل میں لیے جانے کا فیصلہ

قیصر افتخار  جمعرات 8 اکتوبر 2015
 گھر کومیوزیم، لائبریری یا اکیڈمی بنایاجانا بڑااعزاز ہے ،اہلیہ سائرہ بانو کی گفتگو ۔  فوٹو : فائل

گھر کومیوزیم، لائبریری یا اکیڈمی بنایاجانا بڑااعزاز ہے ،اہلیہ سائرہ بانو کی گفتگو ۔ فوٹو : فائل

لاہور:  پشاورہائی کورٹ کی جانب سے برصغیرپاک وہند کے عظیم اداکاردلیپ کمار کے پشاور میں واقعہ گھرکو حکومت کی تحویل میں لیے جانے کے فیصلے پرممبئی میں واقعہ دلیپ کمارکے گھرپرجشن کا سماں، منہ میٹھا کروایا گیا جب کہ پاکستان اور عوام کا نیک تمناؤں کے ساتھ شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے۔

گزشتہ روزجب اس حوالے سے ممبئی میں فون کے ذریعے ’’ایکسپریس‘‘ نے رابطہ کیا تودلیپ کمارکی اہلیہ ماضی کی معروف اداکارہ سائرہ بانو نے کہا کہ یہ یوسف خان ( دلیپ کمار ) اورہم سب فیملی ممبران کے لیے بہت خوشی کی بات ہے کہ پاکستان کے شہر پشاورمیں واقعہ گھر کومیوزیم، لائبریری یا اکیڈمی بنایا جا رہا ہے۔

ایک فنکارکے لیے اس سے بڑے اعزاز کی بات کیا ہوگی کہ اس کی زندگی میں ہی اس کوبھرپورانداز سے عزت بخشی جائے۔ پاکستان میں دلیپ کمار کے چاہنے والوں کی تعداد بہت بڑی ہے اورہمیں اکثرفون کالز، خطوط اوردیگرذرائع سے نیک تمناؤں کے پیغام ملتے رہتے ہیں جس سے بہت خوشی ملتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ خبرہماری فیملی کے لیے بہت اہم ہے اوراسی لیے ہمارے گھر میں اس کومنایا بھی جا رہا ہے۔ ہم تمام پاکستانیوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں جو دلیپ کمار کواپنی دعاؤں میں یاد رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔