بنگلہ دیش لیگ: پاکستانی پلیئرزکا معاوضوں پر اعتراض

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 8 اکتوبر 2015
آفریدی،گیل اور کیون پیٹرسن بھی ٹورنامنٹ میں اپنا جادوجگائیں گے،منتظمین فوٹو: فائل

آفریدی،گیل اور کیون پیٹرسن بھی ٹورنامنٹ میں اپنا جادوجگائیں گے،منتظمین فوٹو: فائل

ڈھاکا: پاکستانی پلیئرز نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے معاوضوں  پر اعتراض کردیا، کھلاڑیوں کی اکثریت گورننگ کونسل کی جانب سے مقرر کیے گئے ریٹ کو اپنے معیار سے کم قرار دے رہی ہے، ایونٹ کا حصہ بننے کیلیے 50 سے زائد ای میلز صرف پاکستان سے بھیجی گئیں، منتظمین کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی، کرس گیل اور کیون پیٹرسن بھی ٹورنامنٹ میں اپنا جادوجگائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا آغاز آئندہ ماہ کی 21 تاریخ سے ہوگا جبکہ اس میں حصہ لینے والے پلیئرز کی لاٹری 30 اکتوبر کو کھلے گی۔ بی پی ایل منتظمین کی جانب سے مجموعی طور پر 150 غیرملکی پلیئرز کی فہرست تیار کی گئی جس میں 50 سے زائد پاکستانی ہیں، انھوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے اپنی دلچسپی سے بذریعہ ای میل بنگلہ دیشی بورڈ کو آگاہ کردیا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی اکثریت بی پی ایل گورننگ کونسل کی جانب سے غیرملکی پلیئرز کیلیے مختص معاوضوں سے خوش نہیں  اور اسے اپنے معیار سے کم قرار دے رہی ہے۔

غیرملکی کرکٹرز کا ریٹ کم سے کم 30 اور زیادہ سے زیادہ 70 ہزار ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ مقامی کھلاڑیوں کی تعداد 62 ہے، جن کا معاوضہ کم سے کم 5 لاکھ ٹکا اور زیادہ سے زیادہ 35 لاکھ ٹکا ہوگا۔ قواعد و ضوابط کے مطابق ہر ٹیم اس پول سے زیادہ سے زیادہ 8 غیرملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرسکے گی، فیلڈ میں صرف 4 کو اتارنے کی اجازت ہوگی۔منتظمین کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی، کرس گیل اور کیون پیٹرسن اپنے ایجنٹس کے توسط سے نہ صرف ایونٹ میں دلچسپی ظاہر کرچکے بلکہ ضروری دستاویزات بھی ای میل کردی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔