پاک بھارت سیریز کا امکان نظر نہیں آرہا، شہریار خان

ویب ڈیسک  جمعرات 8 اکتوبر 2015
کسی بھی پلیئرکو استعفی دینے کےلئے نہیں کہتے یہ کھلاڑی کی اپنی مرضی ہے،شہریارخان فوٹو: فائل

کسی بھی پلیئرکو استعفی دینے کےلئے نہیں کہتے یہ کھلاڑی کی اپنی مرضی ہے،شہریارخان فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بھارت میں اس وقت جیسا ماحول ہے اس میں دونوں ممالک کے درمیان سیریز کا امکان نظر نہیں آتا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ بھارت میں اس وقت جیسا ماحول ہے اس میں دونوں ممالک کے درمیان سیریز کا امکان نظر نہیں آتا۔ لیکن پی سی بی کی اب بھی یہ کوشش ہے کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھا جائے،2004 میں پاک بھارت سیریز روکنے کے لئے شیو سینا نے دھمکیاں دیں لیکن ہم دھمکیوں کے باوجود کھیلے، اس سلسلے میں آئی سی سی کی میٹنگ میں بی سی سی آئی سے بات ہوگی۔

شاہد آفریدی کی کارکردگی اور ٹیم میں موجودگی سے متعلق شہریار خان نے کہا وہ ایک میچ ونر کھلاڑی ہیں اور آئندہ برس ہونے والے ورلڈ ٹی 20 تک وہی کپتان رہیں گے۔ بلال آصف کے بولنگ ایکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلال آصف پر ہمیں بھی شک تھا، کھلاڑیوں کو جانچنے کے لئے ہمارا سسٹم بہتر نہیں، بلال آصف کا ایکشن مشکوک قرار دینے میں ہم سب ذمہ دار ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ہونے والے میگا ایونٹس کے دوران منتظمین اور امپائرز نے کھلاڑیوں کے بہترین رویئے کی تعریف کی ہے۔ انگلینڈ کے ساتھ پچھلی سیریز میں پاکستانی ٹيم نے بہت بہتر پرفارم کیا، ان کی خواہش ہے کہ آئندہ پاک انگلینڈ سیریز ماضی کی تمام تلخ یادوں کو بھلا کر اچھے ماحول میں مکمل ہو۔ آئندہ بھی ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ اسے مل کر حل کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔