ایڈیشنل آئی جی کراچی نے رینجرز کیخلاف اشتہارات کا نوٹس لے لیا

ویب ڈیسک  جمعرات 8 اکتوبر 2015
رینجرز کیخلاف اشتہارات کا مقصد کراچی آپریشن کو نقصان پہنچانا ہے، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر، فوٹو:فائل

رینجرز کیخلاف اشتہارات کا مقصد کراچی آپریشن کو نقصان پہنچانا ہے، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر، فوٹو:فائل

 کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کا کہنا ہے کہ رینجرز کے خلاف چھپنے والے اشتہارات کا مقصد کراچی آپریشن کو نقصان پہنچانا ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے رینجرز کے خلاف اشتہارات کا نوٹس لے لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر کا کہنا تھا کہ رینجرز کے خلاف چھپنے والے اشتہارات کا مقصد کراچی میں انتہاپسندوں ،سیاسی گروپوں کے خلاف جاری آپریشن کو نقصان پہنچانا ہے لیکن ایسے ہتھکنڈوں کے باوجود پولیس ،رینجرزکے درمیان تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو 3 دن میں انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں ذمے دارافسران کےخلاف محکمانہ کارروائی کی جائےگی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل اورنگی ٹاؤن سے فواد، احسان اللہ، سید طاہر، ابراراحمد ، حیدر علی اور نادر شاہ نامی لاپتا افراد کے لے مقامی اخبارات میں اشتہار شائع کرایا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان افراد کو نامعلوم رینجرز اہلکار لے گئے تھے جب کہ اشتہار کی اشاعت پر صوبائی وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی اورنگی ٹاؤن فخرالاسلام اور ایس پی لطیف صدیقی کو معطل کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔